’یہ ناقابل قبول ہے‘، سعودی عرب اور یو اے ای کی قطر پر ایرانی حملے کی مذمت

شائع June 24, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے ’قطر کے خلاف ایرانی جارحیت‘ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے قطر میں واقع العدید ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’بین الاقوامی قوانین اور ہمسائیگی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’یہ ایک قابلِ اعتراض اور ہر حال میں ناقابلِ قبول ہے‘۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس کے تمام تر اقدامات کی حمایت کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔

دوسری جانب، متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایران کے قطر پر حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

یو اے ای کے وزارت خارجہ نے ایران کے حملے کو ’قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ایسے کسی بھی حملے کو مسترد کرتے ہیں جو قطر کی سلامتی و حفاظت کو خطرے میں ڈالے اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائے‘۔

وزارت نے قطر کے ساتھ اپنی ’مکمل یکجہتی اور اس کے شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی غیر متزلزل حمایت‘ کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025