وزیراعظم کا قطر، سعودی عرب کے سفیروں سے رابطہ، ایرانی حملوں پر تشویش کا اظہار

شائع June 24, 2025
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر اور سعودی عرب کے سفیروں سے ہنگامی رابطے کرکے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطری سفیر علی مبارک الخاطر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

قطر کے سفیر علی مبارک نے فوری رابطے اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب، وزیراعظم نے سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے سفیروں سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو تیز کرے گا۔

سعودی سفیر سے گفتگو میں وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

سعودی سفیر نے خطے کے امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور بروقت رابطے اور تشویش کے اظہار پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔

سعودی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو مل کر خطے میں امن کے لیے کام جاری رکھنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2025
کارٹون : 6 جولائی 2025