ایرانی جوہری تنصیبات ایک حملے سے تباہ نہیں ہو سکتیں، پاسداران انقلاب
ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے مشیر بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات ایک حملے اور چند دھماکوں سے تباہ نہیں ہو سکتیں۔
ایرانی خبررساں ادارے ’تسنیم نیوز ایجنسی‘ کو دیے گئے انٹریو میں بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’آپ نے وعدہ کیا تھا کہ آپ ایران میں کام مکمل کریں گے اور براہِ راست مداخلت کریں گے، آپ نے کمانڈروں کو نشانہ بنایا، مگر نئے آپریشنل کمانڈر سامنے آ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے کہا تھا کہ آپ کے پاس ڈرون اور مائیکرو ڈرون یونٹ ہیں، مگر آپ کامیاب نہ ہو سکے، آپ نے کہا تھا کہ ایرانی عوام میں تقسیم پیدا ہو گی، مگر ایسا نہیں ہوا، بلکہ ایران میں اتحاد پیدا ہوا۔
بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری نے فردو جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکا فردو کے حملے میں ناکام ہوا، اور بنکر بسٹر بموں کا افسانہ ٹوٹ گیا۔
واضح رہے کہ امریکا بھی ایران کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں شامل ہوگیا تھا اور امریکی طیاروں نے فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات پر بمباری کی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی پوسٹ میں اعلان کیا کہ امریکا نے ایران میں فردو، نطنز اور اصفہان جوہری تنصیبات پر ’انتہائی کامیاب حملہ‘ مکمل کر لیا ہے۔
اپنی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ فردو نیوکلیئر سائٹ ہمارا مرکزی ہدف تھا اور اس پر مکمل بمباری کی گئی ہے اور یہ پلانٹ مکمل تباہ کردیا گیا ہے۔