قطری وزیراعظم نے ایران کو جنگ بندی پر آمادہ کرلیا، امریکی تجویز پر اتفاق

شائع June 24, 2025
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبد الرحمٰن آل ثانی نے ایران کو اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی پر آمادہ کر لیا جب کہ تہران نے بھی امریکی تجویز پر اتفاق کرلیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فضائی اڈے پر حملے کے بعد قطری وزیراعظم نے ایرانی قیادت سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبد الرحمٰن آل ثانی نے ایرانی قیادت کے ساتھ بات چیت کے بعد تہران کی جانب سے امریکا کی جنگ بندی کی تجویز پر رضامندی حاصل کر لی۔

اس رابطے سے قبل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے امیر کو ٹیلی فون کیا اور انہیں بتایاکہ اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہو چکا ہے اور انہوں نے تہران کو قائل کرنے کے لیے دوحہ سے مدد طلب کی۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی ونس نے امیر قطر سے جنگ بندی کی پیشکش پر بات کی۔

’جنگ بندی کی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی‘

اس سے قبل، امریکی نیوز چینل ’سی این این‘ کے مطابق تہران میں موجود ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایران کو کسی قسم کی جنگ بندی کی تجویز موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی اسے ایسی کسی تجویز کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔

ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ تہران اس وقت تک لڑائی جاری رکھے گا جب تک کہ دیرپا امن حاصل نہ ہو جائے۔ انہوں نے اسرائیل اور امریکا کے بیانات کو ’دھوکہ دہی‘ قرار دیا، جس کا مقصد ایران کے مفادات پر حملوں کو جواز دینا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی لمحے دشمن ایران پر جارحیت کر رہا ہے، اور ایران اپنے جوابی حملوں کو مزید شدید کرنے کے قریب ہے، ہمیں اپنے دشمنوں کے جھوٹ سننے کا کوئی شوق نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025