ایران نے جنگ بندی کے بعد انٹرنیٹ پر عائد پابندیاں نرم کرنا شروع کردیں

شائع June 25, 2025
— فائل فوٹو:  اے پی
— فائل فوٹو: اے پی

ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بعد انٹرنیٹ پر عائد پابندیاں نرم کرنا شروع کر دیں۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران عائد کی گئی انٹرنیٹ پابندیوں کو مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے۔

ریاستی میڈیا میں شائع ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب کی سائبر سیکیورٹی کمانڈ نے کہا کہ ’ کمیونی کیشن نیٹ ورک بتدریج اپنی سابقہ حالت کی طرف واپس آ رہا ہے۔’

ایران کے وزیر مواصلات ستار ہاشمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’صورتحال کے معمول پر آنے کے ساتھ ہی کمیونی کیشن تک رسائی کی حالت اپنی سابقہ حالت پر واپس آ چکی ہے۔‘

واضح رہے کہ دوران جنگ ایران نے ملک بھر میں عارضی طور پر انٹرنیٹ تک رسائی پر پابندیاں عائد کر دی تھیں جس کی وجہ ایرانی وزارت اطلاعات و کمیونی کیشن ٹیکنالوجی نے سیکیورٹی خدشات کو قرار دیا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت اطلاعات و کمیونی کیشن ٹیکنالوجی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ جارح دشمن کی جانب سے قومی مواصلاتی نیٹ ورک کے فوجی مقاصد کے لیے غلط استعمال اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کے باعث، مجاز حکام کے فیصلے کے تحت انٹرنیٹ تک رسائی پر عارضی طور پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔’

انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والی غیرسرکاری تنظیم نیٹ بلاکس بھی نیٹ ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ کہ لائیو نیٹ ورک ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ ایران اس وقت قومی سطح پر تقریباً مکمل انٹرنیٹ بندش کی حالت میں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025