ثمر جعفری نے پسندیدہ بولی وڈ فلم کا نام بتادیا
ابھرتے ہوئے اداکار ثمر جعفری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پسندیدہ بولی وڈ فلم ’تارا رم پم‘ ہے۔
ثمر جعفری نے حال ہی میں ’سمتھنگ ہاٹ‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔
ثمر جعفری کو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کا بھی شوق ہے اور انہوں نے ڈراما سیریل ’پرورش‘ کا گانا ’میں رہوں‘ بھی گنگنایا ہے، ڈرامے کے ساتھ ساتھ گانے کو بھی خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ ڈراما ’پرورش‘ میں ولی کے کردار سے خود کو اس لیے بھی قریب محسوس کرتے ہیں کیونکہ ولی کی طرح انہیں بھی میوزک سے گہرا لگاؤ ہے۔
ثمر جعفری نے بتایا کہ انہوں نے کئی گانے لکھ کر رکھے ہیں، جنہیں وہ مستقبل میں ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اداکار نے مزید بتایا کہ انہیں اپنے والدین کی مکمل حمایت حاصل ہے، لیکن ان کے والدین ہمیشہ کہتے ہیں کہ اداکاری اور گلوکاری ضرور کرو، مگر تعلیم کو ہرگز نہ چھوڑو۔
ثمر جعفری نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں اور ان کا پختہ ارادہ ہے کہ وہ اپنی ڈگری مکمل کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ بچپن سے ہی انہیں اداکاری کا شوق تھا، وہ مختلف کرداروں کی نقل کیا کرتے تھے۔
بولی وڈ فلم ’تارا رم پم‘ ان کی پسندیدہ فلم ہے اور وہ سیف علی خان کے اُس سین کی نقل کیا کرتے تھے جس میں ان کی گاڑی ریس کے دوران الٹ جاتی ہے۔
ثمر جعفری کے مطابق وہ اپنی ریموٹ کنٹرول کار پر بیٹھ کر اس سین کی نقل کیا کرتے تھے۔