کیا پرانی دوستی اب بھی برقرار ہے؟ فیضان شیخ نے عادی عدیل سے تعلق پر خاموشی توڑ دی
اداکار فیضان شیخ نے اداکار و ٹی وی میزبان عادی عدیل احمد کے ساتھ اپنی دوستی اور تعلقات پر کھل کر بات کی اور واضح کیا کہ دونوں کے درمیان اب بھی گہری دوستی برقرار ہے، اگرچہ وہ سوشل میڈیا پر ایک ساتھ کم نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں فیضان شیخ نے وکی خان کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیضان شیخ نے کہا کہ یہ اقدام غلط ہے کیونکہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، کرکٹ تو پہلے ہی بند ہو چکی ہے اور اب فنکاروں پر بھی پابندیاں لگ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کے لیے بھارت میں کام کرنے کی خواہش میں کوئی برائی نہیں، کیونکہ وہاں زیادہ مواقع موجود ہیں۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فنکار پاکستان میں کام نہیں کرتے، شاید انہیں یہاں زیادہ مواقع نظر نہیں آتے۔
فیضان شیخ کے مطابق بابر اعظم ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، اگرچہ اس وقت وہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہے، لیکن یہی وقت ہے کہ بابر اعظم کو سب کا ساتھ اور حوصلہ ملنا چاہیے۔
ان کے مطابق بابر اعظم پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور کسی بھی کھلاڑی کی کارکردگی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی، اس لیے خراب کارکردگی کے وقت کھلاڑی کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اس کی ہمت بڑھانی چاہیے۔
عادی عدیل کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں فیضان شیخ نے کہا کہ ان کی دوستی اب بھی قائم ہے، دونوں کے ساتھ نظر نہ آنے کی وجہ یہ ہے کہ عادی کی زیادہ توجہ میزبانی کی طرف ہے، جب کہ وہ خود اداکاری کو ترجیح دیتے ہیں، اسی لیے وہ اکثر ایک ساتھ نظر نہیں آتے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ دونوں اب بھی ملتے ہیں لیکن دوسروں کی طرح اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرتے۔
ان کے خیال میں سچی دوستی کو سب کے سامنے دکھانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔