بااثر خاتون کی معروف لباس برانڈ اسٹور کے ملازم پر تشدد کی ویڈیو وائرل
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے معروف شاپنگ مال میں موجود معروف لباس کے برانڈ اسٹور کے ملازم پر بااثر خاتون کے تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے رد عمل دیتے ہوئے خاتون کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔
کلاتھنگ فیشن برانڈ و اسٹور بونینزا سترنگی نے فیس بک پوسٹ میں تصدیق کی کہ مذکورہ واقعہ اسلام آباد میں ان کے سینٹورس شاپنگ مال میں موجود اسٹور پر پیش آیا۔
فیشن برانڈ نے بااثر خاتون کی جانب سے ملازم پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کام کی جگہ پر ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے اور گراہکوں کو ملازمین کی عزت نفس کی خیال کرنا چاہیے۔
فیشن برانڈ نے تشدد کا شکار بننے والے ملازم سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے صبر کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ ملازم نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا خیال کرتے ہوئے کسی طرح کا بھی کوئی رد عمل نہیں دیا۔
کلاتھنگ اسٹور انتظامیہ نے اپنے تمام ملازمین کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اسٹاف کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ انہوں نے انتہائی بہتر انداز میں نامناسب واقعے کو سنبھالا۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں خاتون کو ملازم پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ اسٹور میں متعدد کسٹمرز بھی دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بااثر خاتون ملازم پر لاتوں اور مکوں کی بارش کردیتی ہے جب کہ ملازم اس دوران خاموشی سے خاتون کا تشدد برداشت کرتا دکھائی دیتا ہے۔
خاتون کی جانب سے ملازم پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سخت رد عمل دیتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہڑے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
کچھ افراد نے لکھا کہ ویڈیو بنانے والے افراد کو ملازم کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے تھا کہ بعض افراد نے نشاندہی کی کہ اب یہ ٹرینڈ بن چکا ہے کہ کچھ بھی غلط ہو رہا ہوتا ہے تو اس کی ویڈیو بنادی جاتی ہے لیکن غلط کرنے والے کو روکا نہیں جاتا۔
دوسری جانب تاحال ملازم پر تشدد کرنے والی خاتون کی شناخت سے متعلق کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی۔