’من مست ملنگ‘ میں ’حاملہ‘ لفظ کی تکرار پر نادیہ خان کا طنزیہ تبصرہ، ویڈیو وائرل

شائع July 6, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے طنزیہ انداز میں ڈراما سیریل من مست ملنگ کی بار بار دہرائی جانے والی ڈائیلاگ لائنز پر اظہار خیال کیا، جس میں ’حاملہ‘ لفظ کی غیر معمولی تکرار کو نشانہ بنایا گیا۔

جیو ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈراما سیریل ’من مست ملنگ‘ گزشتہ دنوں اختتام پذیر ہوا ہے۔

ناظرین نے ڈرامے کے متنازع مناظر کو پاکستان کی ثقافتی حدود سے متجاوز قرار دیتے ہوئے متعدد بار اس پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔

تاہم، ڈراما تمام تر تنقید کے باوجود مکمل ہوا اور اسے بے پناہ مقبولیت بھی حاصل ہوئی، یوٹیوب پر اس ڈرامے کو 60 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا، جو اس کی شہرت کا ثبوت ہے۔

نادیہ خان نے حال ہی میں ’24 نیوز‘ کے پروگرام ’کیا ڈراما ہے‘ میں ’من مست ملنگ‘ کی آخری قسط پر اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے ڈرامے کی کردار وفا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے تقریباً ہر ڈائیلاگ میں حاملہ ہونے کا ذکر کیا۔

نادیہ خان نے ’وہ حاملہ ہے‘ جیسے جملے کی مسلسل تکرار کو ’جعلی حمل آپریشن‘ قرار دیا، ان کے مطابق یہ جملہ 56 اقساط میں استعمال کیا گیا۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی جعلی حمل کا آپریشن ہو رہا ہو، جس پر پروگرام میں شریک میزبان بھی ہنسنے لگے۔

نادیہ خان کی اس بات پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔

کئی صارفین نے ان سے اتفاق کرتے ہوئے ڈرامے کی کہانی پر تنقید کی، جب کہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ نادیہ خان کو اس قسم کے حساس موضوع پر بات کرتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ نادیہ خان کو پاکستانی ڈراموں کی کہانی، کرداروں اور اداکاروں پر تنقید کرنے کے باعث فنکار برادری کی جانب سے بھی ردعمل کا سامنا ہے۔

گزشتہ دنوں اداکار یاسر حسین اور صبا فیصل نے بھی نادیہ خان پر تنقید کی تھی، جس کے بعد انہوں نے تنقید کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 جولائی 2025
کارٹون : 18 جولائی 2025