• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.6°C
  • ISB: Cloudy 16.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.6°C
  • ISB: Cloudy 16.6°C

اداکارہ حمیرا اصغر کا پوسٹ مارٹم مکمل، ڈرگز کے استعمال کا انکشاف، ورثا کا اظہار لاتعلقی

شائع July 9, 2025
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز سکس کے اتحاد کمرشل ایریا میں واقع ایک فلیٹ سے برآمد ہونے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی مسخ شدہ لاش کا جناح ہسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق لاش اس وقت برآمد ہوئی جب گزری پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی تھی۔

ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا کے مطابق پولیس ٹیم نے جب فلیٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے کوئی جواب نہیں ملا، جس کے بعد دروازہ توڑ کر داخل ہونے پر اداکارہ کی لاش ملی۔

پولیس کے مطابق فلیٹ کا لوہے کا بیرونی گیٹ اور اندرونی لکڑی کا دروازہ دونوں بند تھے، جب کہ بالکونی بھی سیل تھی۔

ایس ایس پی جنوبی محظور علی کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر اس فلیٹ میں کرایہ پر مقیم تھیں اور وہ تنہا زندگی گزار رہی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2024 سے کرایہ دینا بند کر دیا تھا جس پر مالک مکان نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق اداکارہ کی لاش شدید مسخ شدہ حالت میں ملی ہے، جو بظاہر 15 روز پرانی لگتی ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق فوری طور پر موت کی وجوہات کا تعین ممکن نہیں ہو سکا، جس کے لیے کیمیکل سیمپل حاصل کر کے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، حتمی رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ واضح ہو سکے گی۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ متوفیہ کے جسم کے مختلف اعضا محفوظ کر لیے گئے ہیں تاکہ فرانزک تجزیے کے بعد اصل صورتحال سامنے آسکے، ابتدائی طور پر یہ واقعہ قتل معلوم نہیں ہوتا، تاہم پولیس تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

32 سالہ حمیرا اصغر نے ماضی میں متعدد ڈراما سیریلز جیسے ’احسان فراموش‘، ’گرو‘ اور دیگر میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، وہ سوشل میڈیا پر بھی کافی فعال تھیں۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلخانہ سے رابطے کی کوششیں کی گئیں لیکن انہوں نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ان کا مؤقف تھا کہ وہ کچھ عرصہ قبل حمیرا سے تمام تعلقات ختم کر چکے تھے اور اب ان کا اداکارہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

پولیس موبائل فون ڈیٹا، سی سی ٹی وی فوٹیج اور قریبی رہائشیوں سے معلومات حاصل کر کے تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق اداکارہ نشہ آور اشیا کا استعمال بھی کرتی تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور لیبارٹری تجزیے کے بعد ہی واقعے کی اصل نوعیت اور موت کی وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025