پی ٹی اے کی جانب سے وی پی این سروس پرووائیڈرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے وی پی این فراہم کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت اب تک 8 سروس فراہم کرنے والے اداروں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے، جب کہ 4 اداروں کو آپریشنز شروع کرنے کی باضابطہ اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق، اتھارٹی کو اب تک وی پی این سروس فراہم کرنے والے 9 اداروں کی رجسٹریشن کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
تاہم، رجسٹریشن کے عمل کو سست قرار دینا درست نہیں ہوگا کیونکہ یہ عمل موجودہ پالیسی ہدایات کے مطابق جاری ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وی پی این فراہم کنندگان کی رجسٹریشن کا مقصد صارفین کے مفادات کا تحفظ، سیکیورٹی کا مؤثر انتظام اور شعبے کی ترقی ہے، اس عمل سے نہ صرف صارفین کو بہتر خدمات حاصل ہوں گی بلکہ رجسٹرڈ اداروں کے حقوق کا تحفظ بھی ممکن بنایا جائے گا۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کی کوئی خاص تعداد مقرر نہیں کی گئی اور یہ سلسلہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی درخواست پر شروع کیا گیا۔
اس حوالے سے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور آئی ٹی انڈسٹری نے بھی باقاعدہ طور پر رجسٹریشن کے عمل کی درخواست کی تھی۔
اتھارٹی کے مطابق، وی پی این فراہم کنندگان کو مختلف طریقہ کار کے تحت ریگولیٹ کیا جاتا ہے، جب کہ غیر رجسٹرڈ سروسز کے خلاف موجودہ پالیسی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔












لائیو ٹی وی