بچے کی پیدائش کے وقت 14 ڈاکٹرز دیکھ بھال کے لیے موجود تھے، مریم نفیس
اداکارہ مریم نفیس نے انکشاف کیا ہے کہ جب ان کے ہاں برطانیہ میں بچے کی پیدائش ہوئی تو ان کی اور بچے کی دیکھ بھال کے لیے مجموعی طور پر 14 ڈاکٹرز دستیاب تھے، جو مختلف امراض کے ماہرین تھے۔
مریم نفیس نے حال ہی میں شوہر امان احمد کے ہمراہ ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ انہیں معلوم نہیں کہ جب ان کا بیٹا عیسیٰ اسکول جانے کی عمر کو پہنچے گا تو وہ کہاں ہوں گے، اس لیے ابھی تک انہوں نے بیٹے کی اسکولنگ کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ جہاں بھی ہوں گے بچے کو ڈھائی سال کی عمر کے بعد ہی اسکول میں داخل کروائیں گے۔
ان کے مطابق وہ انتہائی کم عمری میں اسکول جانا شروع ہوئی تھیں لیکن وہ بیٹے کو ڈھائی سال کے بعد اسکول میں داخل کریں گی۔
مریم نفیس کا کہنا تھا کہ بچے کی پیدائش کے وقت انہیں ڈاکٹرز نے کمر میں درد کم کرنے والے انجکشن لگائے تھے، اس لیے انہیں وزن کم کرنے میں جلد بازی نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر اپنا وزن کم کرنے کی جلدی نہیں، انہوں نے وزن بڑھ جانے کے معاملے کو ذہن پر سوار نہیں کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ ماں جب بچے کو دودھ پلانا شروع کرتی ہے تو ان کا وزن کم ہونا شروع ہوتا ہے اور ان کا وزن بھی آہستہ آہستہ کم ہوگا، انہیں وزن کم کرنے کی پریشانی یا جلدی نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں بچے کی پیدائش کے وقت ڈاکٹرز نے بھی وزن کم کرنے میں جلد بازی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
اسی بات کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بیرون ملک جہاں بچے کو جنم دیا، وہاں ان کا اور بچے کا چیک اپ کرنے کے لیے 14 ڈاکٹرز دستیاب تھے۔
مریم نفیس کے مطابق مختلف امراض ماہرین باری باری ان کا اور ان کے بیٹے کا چیک اپ کرتے تھے، اس لیے انہیں وہاں بچے کو جنم دینے میں زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
اداکارہ کے ہاں مارچ 2025 میں بیٹے عیسیٰ کی پیدائش ہوئی تھی، انہوں نے مارچ 2022 میں شادی کی تھی۔












لائیو ٹی وی