بیٹی کی لاش لینے سے انکار نہیں کیا تھا، جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، والد حمیرا اصغر
کراچی میں کرائے کے فلیٹ پر مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کے والد نے بیٹی کی لاش لینے سے انکار کے دعووں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اہل خانہ میں سے کسی بھی فرد نے لاش لینے سے انکار نہیں کیا۔
حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے سے ملی تھی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس کے مطابق اداکارہ کی لاش 10 ماہ تک پرانی تھی۔
اداکارہ کی لاش ملنے کے بعد سندھ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ حمیرا اصغر کے والد نے بیٹی کی لاش لینے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بیٹی سے دو سال قبل ہی تعلقات ختم کرلیے تھے۔
بعد ازاں 10 جولائی کو اداکارہ کے بھائی نوید اصغر لاش لینے کراچی پہنچے تھے اور 11 جولائی کو اداکارہ کی تدفین آبائی شہر لاہور میں کردی گئی تھی۔
بیٹی کی تدفین کے بعد اداکارہ کے والد اصغر علی نے میڈیا سے مختصر بات کے دوران دعویٰ کیا کہ ان کی جانب سے لاش لینے سے انکار کی باتیں جھوٹی ہیں۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ان سمیت خاندان کے کسی بھی فرد نے لاش لینے سے انکار نہیں کیا تھا، پھیلائی گئی خبریں جھوٹی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاش ملنے کے بعد ایک طریقہ کار ہوتا ہے، پہلے لاش کا معائنہ ہوتا ہے، اس کا میڈیکل اور پوسٹ مارٹم رپورٹ ہوتی ہے، اس کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضروری کاروائی سے قبل کیسے وہ لاش وصول کرتے اور یہ کہ ان کی جانب سے لاش وصول کرنے سے انکار کی باتیں غلط ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں والد حمیرا اصغر نے اعتراف کیا کہ ان کا بیٹی سے آخری رابطہ 9 ماہ پہلے ہوا تھا، ان کے پاس بٹن والا موبائل ہے، انہیں بیٹی سے متعلق زیادہ معلومات نہیں، سب کچھ ان کے بیٹے کو معلوم ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بیٹی کے والدہ سے اچھے تعلقات تھے، تاہم اپنے تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کوئی بات نہیں۔
بیٹی کےقتل کے حوالے سے تحقیقات کے سوال پر اداکارہ کے والد نے انگلی آسمان کی طرف اٹھاتے ہوئے کہا کہ جو اللہ بہتر سمجھے گا وہی ہوگا۔
والد حمیرا اصغر کے ہمراہ موجود ان کے بھانجے نے میڈیا کو بتایا کہ اداکارہ کی لاش ملنے سے قبل ان کے گھر میں ایک اور فوتگی ہوگئی تھی اور تمام افراد گاؤں میں موجود تھے، انہیں اچانک خبر ملی تو سب پر سکتہ طاری ہوا، میڈیا میں پھیلائی گئی خبریں بے بنیاد ہیں۔












لائیو ٹی وی