واٹس ایپ کا نیا فیچر، گروپ چیٹ میں بیک وقت ٹائپ کرنے والوں کی تعداد اب واضح ہوگی
انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت صارفین اب یہ جان سکیں گے کہ گروپ چیٹس میں کتنے افراد بیک وقت پیغام لکھ رہے ہیں۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق، واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کے لیے ایک نیا فیچر پیش کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کو اس بات کی اطلاع ملے گی کہ ایک ہی وقت میں کتنے افراد پیغام لکھ رہے ہیں۔
قبل ازیں گروپ چیٹ میں صرف اُس شخص کا نام ظاہر ہوتا تھا جو پیغام لکھ رہا ہوتا تھا، مگر اب واٹس ایپ اس عمل کو مزید شفاف اور معلوماتی بنا رہا ہے۔
نئے فیچر کے تحت اگر ایک سے زائد افراد گروپ میں پیغامات لکھ رہے ہوں تو صارف کو نوٹیفکیشن بار میں کچھ یوں پیغام نظر آئے گا کہ دو افراد پیغام لکھ رہے ہیں۔

یہ فیچر ان صارفین کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہوگا جو گروپ چیٹس میں کثرت سے پیغامات کا سامنا کرتے ہیں، اب وہ آسانی سے فیصلہ کر سکیں گے کہ آیا انہیں فوری طور پر جواب دینا ہے یا کچھ دیر انتظار کرنا بہتر ہوگا۔
فی الحال یہ فیچر صرف ٹیکسٹ میسجز پر کام کرتا ہے، اگر گروپ میں کوئی وائس نوٹ ریکارڈ کر رہا ہو تو روایتی طریقے سے صرف ایک ہی صارف کا نام دکھائی دے گا، جیسا کہ پہلے ہوتا تھا۔
واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر اس وقت واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.25.20.17 میں دستیاب ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔












لائیو ٹی وی