• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

چیلسی نے پی ایس جی کو فائنل میں شکست دے کر پہلا فیفا کلب ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا

شائع July 14, 2025 اپ ڈیٹ July 15, 2025
کھلاڑیوں کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ بھی کھڑے رہے جبکہ فیفا کے صدر انہیں جانے کا کہتے رہے— فوٹو: اے پی
کھلاڑیوں کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ بھی کھڑے رہے جبکہ فیفا کے صدر انہیں جانے کا کہتے رہے— فوٹو: اے پی

32 ٹیموں پر مشتمل پہلے فیفا کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلش کلب چیلسی، فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو 0-3 سے شکست دے کر چیمپیئن بن گیا۔

پہلے ہاف میں چیلسی کی جانب سے کول پالمر نے 2 شاندار گول اسکور کیے جبکہ چیلسی کے کھلاڑی پیڈرو نے بھی پہلے ہی ہاف میں گول اسکور کرکے ٹیم کو 0-3 کی برتری دلوائی، اگرچہ دوسرے ہاف کی شروعات میں انتظامی کوتاہیوں کی وجہ سے تاخیر ہوئی لیکن دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں ہی اسکور کرنے میں ناکام رہیں اور چیلسی 0-3 سے کامیاب رہی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فٹبال کے فائنل میں بھی مرکزِ توجہ بن گئے۔ یہ قیاس آرائیاں پہلے سے کی جارہی تھیں کہ فیفا نے صرف اپنی کمائی کے لیے یہ ٹورنامنٹ منعقد کروایا ہے اور پہلے ہی 11 ماہ تک کلب فٹبال کھیلنے والے کھلاڑیوں کو مزید تھکانے کے لیے یہ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس کی کوئی خاص ضرورت نہیں تھی، فیفا نے ان تمام الزامات کی تردید کی لیکن گزشتہ روز فائنل میں صورتحال ان کے دعووں کے برعکس تھی۔

چونکہ یہ ٹورنامنٹ امریکا میں کھیلا گیا تھا اس لیے فائنل میں امریکی صدر نے بھی شرکت کی، جبکہ یہ فائنل امریکی ریاست نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔

میچ سے قبل میوزک بینڈ کولڈ پلے اور ڈوجا کیٹ سمیت دیگر فنکاروں نے پرفارمنس پیش کی جبکہ دوسرے ہاف کی شروعات میں تاخیر بھی انہیں غیرضروری کارروائیوں کی وجہ سے ہوئی، دوسری جانب امریکی صدر کی سخت سیکیورٹی کی وجہ سے فٹبال شائقین نالاں بھی تھے جس نے انہیں پریشان کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ ’مجھے یہاں بہت اچھا لگ رہا ہے، یہ شاندار کھیل ہے‘۔

تاہم فائنل کا سب سے دلچسپ لمحہ ڈونلڈ ٹرمپ کا فیفا کے صدر انفینتینو کے ہمراہ ٹرافی پیش کرنے آنا تھا، عموماً ٹیم کے کپتان کو ٹرافی پیش کرکے سربراہِ مملکت ایک طرف ہوجاتے ہیں تاکہ کھلاڑی جشن منا سکیں لیکن ٹرمپ یہاں بھی مرکزِ نگاہ اس وقت بن گئے جب وہ ٹرافی دینے کے بعد بھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے رہے جبکہ فیفا کے صدر انہیں وہاں سے جانے کا کہتے رہے۔

چیلسی کے کپتان جیمز ریس اور روبرٹ سینچیس نے بھی انہیں جانے کو کہا جس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ’میں بھی آپ کے ساتھ جشن منا رہا ہوں‘، جبکہ ان کے عقب میں کھڑے کول پالمر واضح طور پر ناخوش نظر آئے۔

ٹرمپ کے اس فعل نے کئی سوالات کھڑے کیے کہ کہیں فیفا کے صدر کی ٹرمپ کے ساتھ قربت کی وجہ سے یہ کھیل بھی تو کوئی بزنس ڈیل نہیں بن گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اتنے خود پسند ہیں کہ انہوں نے چیلسی کے اس تاریخی لمحے کو برباد کردیا۔

واضح رہے کہ پی ایس جی رواں سال بہترین کلب ٹیم رہی ہے جس نے دو ڈومیسٹک اور ایک یوایفا چیمپیئنز لیگ ٹرافی کے ساتھ ٹریبل جیتا ہے، جبکہ اس کی کلب ورلڈ کپ میں کارکردگی بھی شاندار رہی جس کی بنیاد پر اسے اس دہائی کی بہترین ٹیم قرار دیا جارہا تھا۔

فائنل سیٹی بجنے پر چیلسی اور پی ایس جی کے کھلاڑیوں میں گرما گرمی دیکھنے میں آئی جبکہ پی ایس جی کے منیجر لوئس اینریکے کھلاڑیوں کو روکتے نظر آئے، صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اینریکے نے کہا کہ ’ہمیں اس بدنظمی سے اجتناب کرنا چاہیے تھا، وہ جیت اور ٹرافی کے مستحق تھے، انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا‘۔

یاد رہے کہ فیفا کی جانب سے پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں تمام ممالک کی ان ٹیموں کو شامل کیا گیا تھا کہ جنہوں نے اپنے اپنے طور پر 2021 سے 2023 کے درمیان یوایفا چیمپیئنز لیگ و دیگر لیگز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025