• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.6°C
  • ISB: Cloudy 16.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.6°C
  • ISB: Cloudy 16.6°C

اسرائیل کے شام پر حملے تیسرے روز بھی جاری، وزارت دفاع کی عمارت کو نشانہ بنایا

شائع July 16, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں شامی فوج اور وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر کے قریب حملہ کیا ہے، اس سے قبل اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے حملے تیز کر دیے ہیں تاکہ سرکاری فورسز کی جانب سے دروز اقلیت کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔

عالمی خبر رساں اداروں اے ایف پی اور رائٹرز کی رپورٹوں کے مطابق یہ مسلسل تیسرا دن ہے کہ اسرائیل نے شام پر حملہ کیا ہے جہاں سرکاری فورسز اور جنوبی شہر السویداء میں مقامی دروز جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

اے ایف پی کے نمائندوں نے بتایا کہ دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جو ایک پہلے فضائی حملے کے فوراً بعد آئی جس میں شہر کے مرکز میں اسی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

وزارت دفاع کے ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ عمارت پر کم از کم دو ڈرون حملے کیے گئے اور افسران تہہ خانے میں پناہ لے رہے ہیں، سرکاری الاخباریہ ٹی وی نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں دو عام شہری زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے دمشق میں’شامی حکومت کے فوجی ہیڈکوارٹر کمپلیکس کے داخلی دروازے کو نشانہ بنایا ’ اور وہ جنوبی شام میں دروز شہریوں کے خلاف کیے جانے والے اقدامات پر ’نظر رکھے ہوئے ہے۔‘

دی گارجیئن کی رپورٹ کے مطابق شامی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

الجزیرہ ٹی وی کی براہ راست فوٹیج میں دیکھا گیا کہ بڑے پیمانے پر فضائی حملوں نے دمشق میں وزارت دفاع کی عمارت کو نقصان پہنچایا۔

شام کے سرکاری میڈیا اور عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی حملے السویدا شہر پر بھی ہوئے، جو اکثریتی دروز آبادی کا علاقہ ہے، جہاں لڑائی چوتھے روز بھی جاری ہے، جبکہ منگل کی رات کو جنگ بندی کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

شامی سرکاری فوجیوں کو پیر کے روز السویدا کے علاقے میں دروز جنگجوؤں اور بدو مسلح افراد کے درمیان لڑائی روکنے کے لیے بھیجا گیا تھا، لیکن وہ خود دروز ملیشیا سے ہی الجھ پڑے تھے۔

برطانیہ میں قائم جنگی حالات کی نگرانی کرنے والے ادارے ’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ نے کہا کہ سرکاری فورسز اور ان کے اتحادی گروہوں نے ’ دروز شہریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا’ اور 21 شہری مارے گئے۔

مقامی نیوز آؤٹ لیٹ سویدا24 نے بتایا کہ بدھ کی صبح شہر اور آس پاس کے دیہات پر توپ کے گولے داغےجارہے تھے اور مارٹر حملے کیے جا رہے تھے۔

شام کی وزارت دفاع نے سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے ذریعے جاری کردہ بیان میں سویدا میں ’ قانون شکن گروپوں’ پر جنگ بندی توڑنے کا الزام عائد کیا۔

شام کی وزارت دفاع نے شہر کے رہائشیوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے، رائٹرز سے فون پر رابطہ کرنے والے کچھ رہائشیوں نے بتایا کہ وہ خوف کے مارے گھروں میں بند ہیں اور بجلی بھی نہیں ہے۔

شامی سیکورٹی اہلکار جنوبی دروز اکثریتی شہر السویدا میں سرکاری فوج اور مقامی دروز جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں دوبارہ شروع ہونے کے بعد  سڑک پر جارہے ہیں— فوٹو: رائٹرز
شامی سیکورٹی اہلکار جنوبی دروز اکثریتی شہر السویدا میں سرکاری فوج اور مقامی دروز جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں دوبارہ شروع ہونے کے بعد سڑک پر جارہے ہیں— فوٹو: رائٹرز

یورپی یونین نے شام کے دروز اکثریتی السویدا میں جاری جھڑپوں پر ’ تشویش’ کا اظہار کیا اور تمام فریقین سے فوری جنگ بندی اور شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔

یورپی یونین کے سفارتی ادارے نے اپنے بیان میں ’ تمام بیرونی عناصر’ پر بھی زور دیا کہ وہ ’ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کریں’ ، جبکہ اسرائیل نے دروز کی حمایت میں حملے کیے ہیں۔

فرانس نے شام کے السویدا میں شہریوں کے خلاف مبینہ زیادتیوں کا بھی خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا، ایک جنگی نگراں ادارے نے سرکاری فورسز پر ماورائے عدالت قتل اور دیگر زیادتیوں کا الزام عائد کیا ہے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم شہریوں کے ساتھ زیادتیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ زیادتیاں فوری طور پر بند کی جانی چاہیئں، فرانسیسی وزارت خارجہ نے جھڑپوں کے فوری خاتمے اور جنگ بندی کے احترام پر زور دیا۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ’ فرانس عبوری شامی حکام اور السویدا کے رہنماؤں کی مذاکرات بحال کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ ایک پائیدار معاہدہ شام کی وحدت، استحکام، خودمختاری اور تمام شامیوں کی سلامتی کو مضبوط کرے گا۔’

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے دروز افراد کو شام میں داخل ہونے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ ہلاکت خیز لڑائی کے بعد درجنوں افراد نے دونوں سمتوں میں جنگ بندی لائن عبور کی۔

نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہاکہ’ سرحد پار مت کریں’ انہوں نے السویدا میں صورتحال کو ’ انتہائی سنگین’ قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025