• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.6°C
  • ISB: Cloudy 16.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.6°C
  • ISB: Cloudy 16.6°C

امریکی ریاست الاسکا میں 7.3 شدت کا طاقتور زلزلہ، سونامی وارننگ واپس لے لی گئی

شائع July 17, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

امریکا کی ریاست الاسکا کے ساحل کے قریب بدھ کو 7.3 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’اےا یف پی‘ کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بتایا کہ زلزلہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 37 منٹ پر (2037 جی ایم ٹی) آیا، جس کا مرکز جزیرہ نما قصبے سینڈ پوائنٹ سے تقریباً 87 کلومیٹر جنوب میں تھا، زلزلے کی گہرائی تقریباً 12.5 میل ریکارڈ کی گئی، جو کہ نسبتاً کم تصور کی جاتی ہے۔

زلزلے کے فوراً بعد جنوبی الاسکا اور جزیرہ نما الاسکا کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئی، جسے بعد میں سونامی ایڈوائزری میں تبدیل کیا گیا اور پھر مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔

قومی سونامی وارننگ سینٹر (این ٹی ڈبلیو سی) نے زلزلے کے 2 گھنٹے بعد ایک پیغام میں کہا کہ ’جنوبی الاسکا اور جزیرہ نما الاسکا کے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی ایڈوائزری منسوخ کر دی گئی ہے‘۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کے بعد 12 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے، جن میں سب سے زیادہ شدت 5.2 رہی۔

این ٹی ڈبلیو سی نے کہاکہ سونامی وارننگ اور ایڈوائزری صرف الاسکا کے ساحلی علاقوں کے لیے جاری کی گئی تھی اور دیگر علاقوں کو خطرہ لاحق نہیں تھا، سینڈ پوائنٹ پر سونامی کی بلند ترین لہر صرف 0.2 فٹ (تقریباً 6.1 سینٹی میٹر) ریکارڈ کی گئی۔

تاہم، مرکز نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا، این ٹی ڈبلیو سی نے خبردار کیا کہ ’جب تک مقامی ایمرجنسی حکام یہ نہ کہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے، خطرناک علاقوں میں واپس نہ جائیں‘۔

الاسکا بحرالکاہل کے زلزلہ خیز علاقے ’رِنگ آف فائر‘ پر واقع ہے، مارچ 1964 میں الاسکا میں 9.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جو شمالی امریکا کی تاریخ کا سب سے طاقتور زلزلہ تھا، اس زلزلے نے ایک تباہ کن سونامی کو جنم دیا، جس نے اینکریج شہر کو نقصان پہنچایا، خلیج الاسکا، امریکا کے مغربی ساحل اور ہوائی کو متاثر کیا اور درجنوں جانیں لے گیا جبکہ 40 کروڑ ڈالر سے زائد کے نقصانات ہوئے۔

اس سے پہلے جولائی 2023 میں بھی جزیرہ نما الاسکا کے قریب 7.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا، تاہم اس میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025