ایما واٹسن پر ڈرائیونگ کرنے پر پابندی عائد
معروف ہولی وڈ فنٹیسی فلم سیریز ’ہیری پوٹر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی برطانوی اداکارہ ایما واٹسن پر ڈرائیونگ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر ڈرائیونگ کرنے پر 6 ماہ کی پابندی لگ گئی جب کہ عدالت نے ان پر جرمانہ بھی عائد کردیا۔
ایما واٹسن کے ساتھ ساتھ ’ہیری پوٹر‘ سیریز میں ہی کام کرنے والی 76 سالہ دوسری اداکارہ زوئی وانامیكر پر بھی تیز رفتاری کے باعث 6 ماہ کی پابندی عائد ہوگئی جب کہ ان پر بھی جرمانہ عائد کردیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق ایما واٹسن کے خلاف مقررہ حد رفتار کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت 16 جون کو ہوئی، جس میں اداکارہ پیش نہ ہوئیں، تاہم عدالت نے ان پر جرمانہ عائد کردیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ اداکارہ یونیورسٹی سے تخلیقی تحریر کی تعلیم حاصل کرنے میں مصروف ہیں اور وہ جرمانہ ادا کرنے کی اہل ہیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ 35 سالہ ایما واٹسن نے 31 جولائی 2024 کو آکسفورڈ میں اپنی نیلی آوڈی کار 30 میل فی گھنٹہ کی محدود رفتار والے علاقے میں 38 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی۔
عدالت نے اداکارہ کو تقریبا 11 پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا جب کہ از خود ان پر 6 ماہ تک ڈرائیونگ نہ کرنے کی پابندی عائد ہوگئی۔
ایما واٹسن نے پہلے بھی ڈرائیونگ کی خلاف ورزیاں کر رکھی تھیں اور ان کے لائسنس پر پہلے ہی 9 پوائنٹس موجود تھے، جس کے باعث نئے 3 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ وہ خودکار طور پر چھ ماہ کے لیے ڈرائیونگ سے نااہل قرار پائیں۔
ایما واٹسن 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہیری پوٹر‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں، وہ ہیری پوٹر سیریز کی تمام آٹھ فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔
انہوں نے دیگر متعدد معروف فلموں میں بھی کام کیا، ان کی آخری فلم 2019 میں ریلیز ہونے والی ’لٹل وویمن‘ تھی۔
دوسری جانب ہیری پوٹر فلم میں ہی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو بھی رفتار کی حد سے تجاوز پر عدالت نے جرمانہ اور پابندی کی سزا سنائی۔
76 سالہ وانامیكر 7 اگست 2024 کو نیوبری، برکشائر میں موٹروے پر 40 میل فی گھنٹہ کی حد میں 46 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتی پائی گئیں۔ ان کے لائسنس پر بھی پہلے سے 9 پوائنٹس موجود تھے، جس پر مزید 3 پوائنٹس کا اضافہ کرتے ہوئے انہیں بھی چھ ماہ کی ڈرائیونگ پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔












لائیو ٹی وی