• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

نوے فیصد شک ہے بہن کا قتل ہوا، بھائی حمیرا اصغر

شائع July 18, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کراچی کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی نے کہا ہے کہ انہیں نوے فیصد شک ہے کہ ان کی بہن کا قتل ہوا، جب وہ بہن کی لاش لینے گئے تو پولیس نے بتایا کہ ان کے گھر کا ایک پچھلا دروازہ کھلا ہوا تھا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ ان کی بہن سے متعلق بڑی بڑی باتیں کرنے والے شوبز کے افراد میں سے کوئی بھی شخص ان کے پاس تاحال تعزیت کے لیے نہیں پہنچا۔

حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر نے سندھ پولیس کو درخواست کی کہ وہ ان کی بہن کی سفری تاریخ کا بھی جائزہ لیں، دیکھیں کہ وہ بیرون ملک کن کے ساتھ جاتی تھیں، کیا ان کے ساتھ کوئی دوسرا انجان شخص تو نہیں ہوتا تھا؟

ان کے مطابق جب وہ لاش لینے پہنچے تو پولیس نے انہیں بتایا کہ حمیرا اصغر کے فلیٹ کا ایک پچھلا دروازہ کھلا ہوا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ کچھ غلط ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جس نے بھی کام کیا ہے، مکمل منصوبہ بندی اور سمجھداری سے کیا ہے، پولیس ہر حوالےسے تفتیش کرکے مالک مکان سے متعلق بھی پوری معلومات حاصل کرے۔

نوید اصغر کا کہنا تھا کہ پولیس یہ بھی دیکھے کہ مالک مکان نے مذکورہ فلیٹ کب خریدا، وہ کب سے کراچی میں مقیم ہیں، ان کا لاہور سے کیا تعلق ہے، وغیرہ۔

انہوں نے بہن کی مالی مشکلات کے دعووں کو مسترد کیا اور کہا کہ وہ خود مختار تھیں، اچھی کمائی کرتی تھیں، کبھی مالی مشکلات کا ذکر نہیں کیا۔

انہوں نے یہ تاثر بھی مسترد کیا کہ حمیرا اصغر کے شوبز میں کام کرنے پر وہ یا ان کے والدین ناراض تھے، ان کے مطابق بہن شوق سے انڈسٹری میں گئیں، تمام اہل خانہ ان کی خوشی میں خوش تھے۔

بھائی حمیرا اصغر نے بتایا کہ عام طور پر بھی بہن ان سے تین سے چار ماہ تک رابطہ نہیں کرتی تھیں، انہوں نے بہن کی جانب سے رابطہ نہ کرنے کو معمول سمجھا۔

ان کے مطابق انہیں بہن کی کراچی میں رہائش سے متعلق کوئی علم نہیں تھا، وہ پہلی بار بہن کی لاش لینے کراچی گئے تھے، بہن سے ان کی کوئی ناراضگی نہیں تھی، ان سے ویسے بھی بہن کی کم بات چیت ہوتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں نوے فیصد شک ہے کہ ان کی بہن کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا، پولیس ہر حوالے سے تفتیش کرے۔

ایک سوال کے جواب میں نوید اصغر نے شکوہ کیا کہ حمیرا اصغر کے حوالے سے بڑی بڑی باتیں کرنے والی شوبز شخصیات میں سے کوئی بھی ان کے پاس تعزیت کے لیے نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی لاش لینے کی باتیں کرنے والوں کو کم سے کم ان کے گھر آکر تعزیت تو کرنی چاہیے تھی لیکن سب لوگ سوشل میڈیا اور انسٹاگرام تک محدود رہے، کوئی بھی ان سے تعزیت کرنے نہیں پہنچا۔

اداکارہ کے والد نے بھی شکوہ کیا کہ بڑی بڑی باتیں کرنے والی کوئی بھی شوبز شخصیت ان کے پاس نہ آئی، جنازے میں صرف اپنے ہی لوگ شریک ہوئے۔

خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، ان کی تدفین 11 جولائی کو آبائی شہر لاہور میں کی گئی تھی۔

پولیس اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق حمیرا اصغر کی لاش تقریبا 10 ماہ پرانی تھی، ممکنہ طور پر اداکارہ کی موت اکتوبر 2024 میں ہوئی اور ان کی لاش فلیٹ میں پڑی رہی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025