فنکاروں کی مدد اور معاونت کے لیے واٹس ایپ گروپ بنایا، ژالے سرحدی
اداکارہ ژالے سرحدی کے مطابق حال ہی میں حمیرا اصغر اورعائشہ خان کی افسوس ناک اموت کے بعد اداکاروں کی فلاح و بہبود، مدد اور معاونت کے لیے واٹس ایپ گروپ بنالیا گیا، جس کے تحت ضرورت مندوں کی مدد کی جائے گی۔
گزشتہ ہفتے اداکارہ طوبیٰ انور نے بتایا تھا کہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے بعد کراچی میں تنہا یا خاندان کے بغیر رہنے والی اداکاراؤں کی مدد اور معاونت کے لیے واٹس ایپ گروپ بنالیا گیا۔
حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی میں کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، جہاں وہ 2018 سے تنہا رہائش پذیر تھیں، ان کی موت تقریبا 10 ماہ قبل ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔
ان سے قبل سینئر اداکارہ عائشہ خان کی لاش بھی گلشن اقبال میں اپنی رہائش گاہ سے ملی تھی، جہاں وہ اہل خانہ کے بغیر تنہا زندگی گزار رہی تھیں، ان کی لاش بھی ایک ہفتہ پرانی ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔
دونوں واقعات کے بعد اب کراچی میں تنہا رہنے والی اداکاراؤں کی مدد کے لیے واٹس ایپ گروپ بنایا گیا ہے، جس متعلق ابھی ژالے سرحدی نے بھی تفصیلات بتادیں۔
جیو ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے ژالے سرحدی کا کہنا تھاکہ مذکورہ گروپ کو ’کنیکٹوٹی ون آن ون‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں تقریبا تمام نئے اداکاروں و اداکاراؤں کو شامل کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق مذکورہ گروپ ایک فیملی گروپ کی طرح ہے، جہاں ہفتہ وار مسائل اور معاملات پر گفتگو بھی کی جائے گی جب کہ تنہا رہنے والے اداکاروں پر نظر بھی رکھی جا سکے گی۔
انہوں نے عائشہ خان اور حمیرا اصغر کی لاش ملنے والے واقعات کو شوبز انڈسٹری کو صدمہ پہنچانے والے واقعات قرار دیا اور کہا کہ اب واٹس ایپ گروپ بن جانے کے بعد مختلف مسائل سے نبردآزما اداکاروں کی ذہنی صحت کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
ژالے سرحدی کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں ذہنی مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی وسائل اور مدد کے آپشنز موجود ہیں لیکن ان آپشنز کو کوئی استعمال نہیں کرتا، کیوں کہ ذہنی مسائل کو برا سمجھا جاتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق لیکن اب اداکار ذہنی صحت کے مسائل پر کھل کر بات کریں گے تاکہ عام لوگ بھی ان سے متاثر ہوکر ڈپریشن جیسے موضوع پر بات کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اداکاروں کی مدد کے لیے بنائے گئے گروپ میں تقریبا تمام نئے اداکاروں سمیت سینئر اداکاروں کو شامل کیا جا چکا ہے، جہاں ہفتہ وار لوگوں کی خبر رکھی جائے گی۔












لائیو ٹی وی