پاکستانی زرعی ماہر نے 50 ڈگری تک درجہ حرارت برداشت کرنے والا کپاس کا بیج تیار کر لیا
پاکستانی زرعی ماہر نے 50 ڈگری تک درجہ حرارت برداشت کرنے والا کپاس کا بیج تیار کر لیا جو بغیر اسپرے کیڑوں سے مقابلہ کرسکتا ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لاہور میں اس بیج سے تیارکپاس کی فصل کا معائنہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ 20 سال کے تجربے کے بعد تیار اس بیج سے کپاس کے شعبے میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایسی جدید زراعت کو فروغ دینا ہوگا۔
اس موقع پر ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں وفاقی احسن اقبال نے کہا کہ کپاس کا 50 ڈگری درجہ حرارت برداشت کرنے والا بیج زرعی ماہر انجینیر جاوید سلیم قریشی نے تیار کیا ہے، یہ بیج اسپرے کے بغیر کیڑوں سے مقابلہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 20 سال کے تجربے کے بعد تیار اس فصل سے کپاس میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایسی جدید زراعت کو فروغ دینا ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ چند برس میں کپاس کی پیداوار15لاکھ گانٹھوں سے5 لاکھ گانٹھوں پر آ گئی ہے، پاکستان کا نجی شعبہ جاوید سلیم قریشی کی طرح زراعت کی تحقیق میں سرمایہ کاری کرے، پیداوار بڑھی، اخراجات کم ہوں گے تو معیشت اور زراعت دونوں فروغ پائیں گے۔
’18ویں ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں ہو سکا‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ 18ویں ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں ہو سکا، اختیارات مرکز سے صوبوں کی طرف تو آگئے لیکن پھر آگے منتقل نہ ہوئے، ضلعی اور بلدیاتی سطح پر اختیارات تقسیم نہیں کیے گئے، صوبوں میں بہت زیادہ مرکزیت ہونے سے سروس ڈیلیوری بہت متاثر ہو رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان کوآرڈینیشن کی کمی نے بھی مسائل پیدا کیے، ہم نے تجویز دی ہے کہ کم از کم زراعت کے شعبہ میں صوبوں کے وزرا پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس کا سیکرٹریٹ وفاق میں ہو۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان اشتراک کا طریقہ کار اب بنانا ہوگا تاکہ مل کر ملک کے لیے کام کر سکیں، انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث ہونے والے نقصان بالخصوص کسانوں کے نقصان کے ازالے کا پیکج دیا جائے گا۔












لائیو ٹی وی