• KHI: Partly Cloudy 26.9°C
  • LHR: Sunny 21.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.9°C
  • LHR: Sunny 21.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.2°C

پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی طبعیت دوبارہ بگڑ گئی، وکیل

شائع July 21, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وکیل رانا مدثر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں دوبارہ طبیعت خراب ہو گئی۔

وکیل یاسمین راشد رانا مدثر ایڈووکیٹ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ یاسمین راشد کو معدے میں شدید انفیکشن ہے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

انہوں نے دعوٰی کیا کہ ’یاسمین راشد کو زبردستی ہفتے کے روز ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا، ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے لیکن رپورٹس کے باوجود مکمل علاج نہیں کیا گیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’انہیں ڈسچارج کرنے کے بعد ان کے خاندان اور وکلا کو اطلاع دیے بغیر جیل منتقل کر دیا گیا، ’یاسمین راشد کو صحت اور علاج معالجے کی بنیادی سہولیات کا حق حاصل ہے۔‘

پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے یاسمین راشد کو طبی سہولیات کی فراہمی نہ کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے افسوسناک اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ’ایک معمر خاتون، کینسر سروائیور اور سابقہ وزیر صحت‘ کو علاج سے محروم کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے، ان کی نیند مسلسل متاثر ہو رہی ہے، وہ ٹھیک سے سانس نہیں لے سکتیں، حتیٰ کہ جب انہیں (بی آئی پی اے پی) مشین دی گئی تو رات کو لوڈشیڈنگ کے نام پر بجلی بند کر دی گئی تاکہ مشین کام نہ کرے۔‘

انہوں نے خبردار کیا کہ سیاسی انتقام کے لیے یاسمین راشد کی صحت کو مزید بگاڑنے کی اجازت دینا حکومت کے لیے پچھتاوے کا باعث بنے گا۔

ادھر، پی ٹی آئی امریکا ونگ نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ریاست کی جانب سے یاسمین راشد کو ذلیل کیا جا رہا ہے، یہ انصاف نہیں بلکہ انتقام ہے۔

واضح رہے کہ 15 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں طبیعت خراب ہو گئی تھی، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

وکیل یاسمین راشد رانا مدثر ایڈووکیٹ نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما کو جیل سے سروسز ہسپتال ایمرجنسی میں منتقل کر دیا گیا۔

رانا مدثر ایڈووکیٹ نے مزید کہا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی ہے، ان کو معدے میں بھی شدید تکلیف ہے۔

بعدازاں، 19 جولائی کو رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو سروسز ہسپتال سے علاج کے بعد کوٹ لکھپت جیل واپس منتقل کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025