• KHI: Partly Cloudy 20.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 14°C
  • ISB: Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 20.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 14°C
  • ISB: Cloudy 12.9°C

دوبارہ کام نہ ملنے کے ڈر سے بھی اداکار اپنا معاوضہ نہیں مانگتے، فیضان شیخ

شائع July 22, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف اداکار و میزبان فیضان شیخ نے کہا ہے کہ فنکار اتنے حساس ہوتے ہیں کہ وہ اپنے حق کے پیسے بھی ڈر ڈر کے مانگ رہے ہوتے ہیں اور زیادہ تر اداکار اس لیے بھی اپنے پیسے مانگنے سے کتراتے ہیں کہ انہیں ڈر لگا رہتا ہے کہ کہیں دوبارہ انہیں کام ہی نہ ملے۔

فیضان شیخ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے اس بات کا بھی شکوہ کیا کہ شوٹنگ کے دوران مشہور اور مقبول اداکاروں کو پروٹوکول دیا جاتا ہے لیکن ایک یا کچھ مناظر شوٹ کروانے والوں کو عزت نہیں ملتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک منظر کے لیے بلائے گئے اداکار کو تو پینے کے پانی کا بھی نہیں پوچھا جاتا لیکن اگر وہی اداکار 10 سال بعد مشہور بن جائے تو اس کو پروٹوکول دیا جاتا ہے جو کہ غلط ہے۔

معاوضے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکار کا کہنا تھا کہ بہت سارے اداکاروں نے معاوضہ نہ ملنے کی شکایات کیں اور متعدد اداکاروں نے بتایا کہ ان کے لاکھوں روپے پھنسے ہوئے ہیں لیکن اس باوجود وہ پروڈکشن ہاؤس اور ٹی وی چینل کا نام نہیں لے رہے، وہ ان کی عزت رکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فنکار اتنے حساس ہوتے ہیں کہ اپنے حق کے پیسے اور معاوضہ مانگتے ہوئے بھی انہیں ڈر لگتا ہے، پیار محبت سے پیسے مانگتے رہتے ہیں۔

فیضان شیخ کا کہنا تھا کہ دوسرے شعبوں میں اگر کسی کے پیسے پھنس جائیں تو جھگڑے ہوجاتے ہیں، مقدمے درج ہوجاتے ہیں لیکن اداکار عزت اور پیار سے اپنے پیسے مانگتے رہتے ہیں۔

اداکار کے مطابق اگر کسی اداکار کے پانچ روپے بنتے ہیں اور انہیں پروڈیوسرز ایک روپیہ دیتے ہیں تو وہ خوشی اور خاموشی سے ایک روپیہ لے لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں وقت پر معاوضہ نہ ملنے کا مسئلہ ہے لیکن اداکار اس مسئلے پر بھی کچھ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اداکار کچھ کرلے تو ان کے خلاف واویلا کی جاتی ہے کہ اداکار نے سیٹ پر یہ کردیا، وہ کردیا لیکن اداکار خود اپنا معاوضہ مانگتے ہوئے بھی کتراتے ہیں۔

فیضان شیخ کا مزید کہنا تھا کہ بعض اداکار اپنا معاوضہ اس لیے بھی نہیں مانگتے کہ انہیں ڈر لگا رہتا ہے کہ انہیں کہیں دوبارہ کام ہی نہ دیا جائے، وہ کام نہ ملنے کی وجہ سے بھی اپنے پیسے نہیں مانگتے۔

خیال رہے کہ حالیہ چند دنوں میں متعدد اداکاروں و ہدایت کاروں نے شوبز انڈسٹری میں وقت پر معاوضہ نہ دینے کی شکایت کی۔

سینئر اداکار محمد احمد، ہدایت کارہ مہرین جبار، یاسر حسین، احمد علی بٹ اور فیضان خواجہ سمیت دیگر اداکاروں نے بھی وقت پر معاوضہ نہ ملنے کی شکایات کیں۔

ماضی میں بھی اداکار وقت پر معاوضہ نہ ملنے کی شکایات کرتے رہے ہیں لیکن کبھی کسی ہدایت کار و اداکار نے کسی پروڈکشن ہاؤس یا ٹی وی چینل کا نام نہیں لیا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025