خیبر پختونخوا اور پنجاب کے جنوبی اضلاع میں پسماندگی دور کرنے کی ضرورت ہے، چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کی بنیادی وجہ غربت، بے روزگاری اور ناخواندگی ہے، ہمیں ان بنیادی مسائل پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی تاکہ نوجوان نسل کو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا موقع ملے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پسماندگی دور کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار سید یوسف رضا گیلانی نے صدر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کلام بی بی انٹرنیشنل وویمن انسٹیٹیوٹ بنوں کی پہلی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ اہم اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیئرمین ایچ اے سی ڈاکٹر مختار احمد، ادارے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان، محترمہ شاہدہ اختر علی ایم این اے، انجینیئر احمد خان کنڈی،ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختون خواہ اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
چیئرمین سینٹ نے کلام بی بی انٹرنیشنل وومن انسٹیٹیوٹ، بنوں کے قیام کو خوش آئند قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے جنوبی اضلاع کی خواتین کو اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ادارے کے قیام کے لیے کی گئی کوششوں کو بھی سراہا تا ہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ادارے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور دونوں شعبوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے جبکہ خواتین کی فلاح و بہبود اور اقلیتوں کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایات دیں کہ بنوں میں قائم اس ادارے کو جدید ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ادارے کو مزید فعال بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے جنوبی اضلاع میں پسماندگی ہے جسے دور کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی معاونت سے پسماندہ علاقوں میں ایسے مراکز قائم کیے جا سکتے ہیں جو ان علاقوں کے مسائل پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ میری بیٹی خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے خیر سگالی سفیر رہی ہیں۔
گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ اج اس اہم ادارے کی سینیٹ کے اجلاس میں شریک ہوں، ہماری پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی تعلیم کو ترجیح دی ہے، اس ادارے کی مدد سے جنوبی اضلاع کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے اور مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے معاونت کو سراہا اور کہا کہ ان اداروں کی سرپرستی کی جائے جو معاشرے میں پسماندگی کو دور کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں، انہوں نے کیمپس میں سہولیات کو جدید بنانے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کی تجویز بھی دی، جبکہ سکالرشپس کے ذریعے مستحق خواتین اور بچیوں کی تعلیم میں مدد پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں ادارے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان نے ادارے کے اعزاز و مقاصد، مسائل اور دیگر اہم پہلوؤں پر بریفنگ بھی دی، انہوں نے بتایا کہ خواتین کو جنوبی اضلاع میں مختلف مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنا تعلیمی سلسلہ جاری نہیں رکھ پاتیں تا ہم اس ادارے کے قیام سے ایسے مواقع پیدا ہوں گے جس کے ذریعے انہیں تعلیم کے حصول کے بھرپور مواقع ملیں گے۔
انہوں نے ادارے میں متعارف کراے گئے کورسز کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور قانونی امور پر بھی بریفنگ دی۔












لائیو ٹی وی