سہیلی چوری کی عادی تھی، میرا والٹ اور اپنی ساس کا زیور بھی چرا لیا، حنا رضوی
ماڈل و اداکارہ حنا رضوی نے اپنی سہیلی کے چوری کے عجیب و غریب رویے سے متعلق حیران کن انکشافات کیے۔
حال ہی میں حنا رضوی مارننگ شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ آن لائن خریداری بہت خطرناک ہوتی ہے، کچھ معلوم نہیں ہوتا کہ کب انسان بے وقوف بن جائے۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے ایک مرتبہ آن لائن ای-بائیک خریدنے کی کوشش کی، جس کے لیے انہوں نے ایک کمپنی سے رابطہ کیا، کمپنی نے ان سے اچھی خاصی رقم طلب کی، جو انہوں نے ادا کر دی۔
بعد ازاں کمپنی نے انہیں اطلاع دی کہ آپ کی بائیک روانہ کر دی گئی ہے، لیکن کچھ دیر بعد بتایا کہ جس ٹرک میں بائیک آرہی تھی، اسے پولیس نے روک لیا ہے، لہٰذا آپ کوئی اور بائیک خرید لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری بائیک مزید مہنگی تھی، چنانچہ انہوں نے مزید رقم بھیج دی، رقم ملنے کے بعد کمپنی نے اپنا نمبر بلاک کر دیا اور وہ بائیک آج تک انہیں موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی ایک قریبی سہیلی کو چوری کرنے کی عادت، بلکہ بیماری تھی، حالانکہ اس کے مالی حالات انتہائی مستحکم تھے۔
حنا رضوی کے مطابق ایک دن وہ کار میں اپنی سہیلی کے ساتھ کہیں جا رہی تھیں، راستے میں انہوں نے کچھ خریدنے کی غرض سے اپنے پرس سے والٹ نکالنا چاہا، پرس میں تقریباً 12 ہزار روپے تھے، مگر وہ حیران رہ گئیں کہ والٹ غائب تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پرس ان کے اور سہیلی کے درمیان رکھا ہوا تھا، اسی لیے جب والٹ نہیں ملا تو انہوں نے سہیلی سے اس بارے میں دریافت کیا، سہیلی نے لاعلمی ظاہر کی، لیکن انہیں شک ہوگیا کیونکہ بعد میں معلوم ہوا کہ سہیلی نے وہ والٹ اپنی بغل میں چادر کے نیچے چھپا رکھا تھا۔
حنا رضوی نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس وقت سہیلی سے کچھ نہیں کہا، مگر اس کے شوہر کو ساری صورتحال سے آگاہ کر دیا، جو ایک اچھی سرکاری نوکری کرتا تھا، ابتدا میں اس نے کوئی ردعمل نہیں دیا، مگر اگلے دن سہیلی روتی ہوئی ان کے پاس آئی اور پیسے واپس کرنے کی کوشش کی کیونکہ اس کے شوہر نے اسے بہت ذلیل کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سہیلی کے شوہر نے بتایا کہ اس کی بیوی کو چوریاں کرنے کی بیماری ہے اور وہ ایک مرتبہ اپنی ساس کے کڑے بھی چرا چکی ہے، جن میں سے ایک تو واپس مل گیا، جب کہ دوسرا آج تک نہیں ملا۔












لائیو ٹی وی