کوہستان کرپشن اسکینڈل میں اعظم سواتی کی کل پھر نیب طلبی
کوہستان 40 ارب میگا کرپشن اسکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے پھر طلب کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اعظم سواتی کو نیب کے دفتر حیات آباد میں کل صبح 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اسکینڈل میں اعظم سواتی کے اکاؤنٹ مین گرفتار ٹھیکیدار کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے منتقل ہونے کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے اعظم سواتی کی عدم پیشی کی صورت میں کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا، اعظم سواتی کوہستان اسکینڈل میں پہلے بھی دو دفعہ پیش ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 17 جولائی کو نیب کے دفتر میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما اعظم سواتی نے کہا تھا کہ ہمیں نیب سے تعاون کرنا چاہیے، نیب بڑے اچھے طریقے سے کوہستان اسکینڈل کی تحقیقات کر رہا ہے، جنہوں نے خیبرپختونخوا کے وسائل کو نقصان پہنچایا انہیں عبرت ناک سزا دی جائے۔۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف عدت کا کیس بن سکتا ہے، تو میرے خلاف اپنا مکان بیچنے کا کیس بھی بن سکتا ہے۔
26 جون 2025 کو ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نیب نے کوہستان کرپشن اسکینڈل میں 5 ارب روپے کے مشکوک بینک اکانٹس منجمد کردیے، کئی جائیدادیں اور قیمتی گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی تھیں۔
کوہستان اسکینڈل کے ملزمان کے گھروں سے غیر ملکی کرنسی، 3 کلو سونا بھی برآمد کرلیا گیا تھا۔
نیب نے کروڑوں روپے مالیت کی 77 قیمتی لگژری گاڑیاں تحویل میں لی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پشاور میں اربوں روپے مالیت کی 109 کمرشل پراپرٹیز سیل کی گئی تھیں۔
نیب نے ملزمان کے 4 فارم ہاؤسز، 12 کمرشل پلازے اور 2 کمرشل پلاٹس سیل کر دیے تھے، 30 گھر، 12 دکانیں، 25 فلیٹس، 175 کنال زرعی زمین اور دیگر اہم جائیدادیں بھی سیل کی گئی تھیں۔












لائیو ٹی وی