اداکار عاصم بخاری کی اپنی صحت سے متعلق خبروں پر وضاحت
سینئر اداکار عاصم بخاری نے اپنی صحت سے متعلق پھیلنے والی غلط خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے اور یہ کہ وہ امراض قلب میں زیر علاج نہیں۔
چند دن قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ عاصم بخاری کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ہسپتال داخل کرادیا گیا، جہاں ان کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عاصم بخاری کو گزشتہ ہفتے 19 جولائی کو دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد انہیں لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولاجی میں داخل کرادیا گیا، جہاں ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ زائد العمری سمیت دیگر پیچیدگیوں کی وجہ سے عاصم بخاری کو پھیپھڑوں میں بھی مسائل ہیں اور انہیں سانس لینےمیں دشواری کا سامنا ہے۔
اب عاصم بخاری کا ویڈیو بیان سامنے آگیا، جس میں وہ اپنی صحت سے متعلق وضاحت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سینئر اداکار نے مختصر ویڈیو میں بتایا کہ ان سے متعلق خبریں چل رہی ہیں کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے اور وہ امراض قلب میں زیر علاج ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں۔
سینئر اداکار نے بتایا کہ وہ امراض قلب میں زیر علاج نہیں بلکہ اپنے ذاتی معالج کے تحت زیر علاج ہیں اور ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔
اگرچہ انہوں نے بتایا کہ وہ امراض قلب میں زیر علاج نہیں، تاہم انہوں نے واضح طور پر اپنی بیماری سے متعلق نہیں بتایا۔
مختصر ویڈیو میں عاصم بخاری کو آکسیجن کی نلکی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ انہیں سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے۔












لائیو ٹی وی