خیبرپختونخوا: ناران میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث پھنسے 500 سیاح محفوظ مقام پر منتقل
خیبرپختونخوا کے علاقے ناران میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں جھیل سیف الملوک روڈ پر پھنسے 500 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ناران سیف الملوک جھیل روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے تودہ گر گیا تھا، جس کے نتیجے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں سے موجود 500 سے زائد سیاح اور 117 سے زائد گاڑیاں پھنس گئی تھیں۔
وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ناران سیف الملوک جھیل روڈ پر پھنسے 500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے فوری ایکشن کی ہدایت کی۔
علی امین خان گنڈاپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری سیاحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد کو سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ہر قسم کے وسائل استعمال کرنے کی ہدایت جاری کیں۔
ترجمان کے مطابق سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی کاغان ڈیولپمنٹ کو ہدایات جاری کیں۔
جس پر کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ریسکیو آپریشن کے ذریعے تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
ڈاکٹر عبد الصمد کا کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا صوبے میں آنے سیاحوں کی حفاظت یقینی بنا رہی ہے۔
سیاح کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے یا سفر کے دوران ایمرجنسی کی صورت میں خیبرپختونخوا سیاحتی ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں اور بروقت اطلاع دیں۔












لائیو ٹی وی