• KHI: Partly Cloudy 15.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 15.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.6°C

دورہ آئرلینڈ میں جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، فاطمہ ثنا

شائع July 27, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ آئرلینڈ کے دورے میں جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ بدھ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسکواڈز کا اعلان کیا تھا، جس میں فاطمہ ثنا کو ٹیم کی قیادت جاری رکھنے کا موقع دیا گیا تھا، جب کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے آئرلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔

تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز 6 سے 10 اگست تک ڈبلن کے کلونٹارف کرکٹ کلب میں کھیلی جائے گی۔

اپریل میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلے میں پاکستان ویمنز نے کم اسکور والے سنسنی خیز میچ میں آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دی تھی اور آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کوالیفائرز کے ابتدائی ون ڈے انٹرنیشنل (او ڈی آئی) میں فتح حاصل کی تھی۔

فاطمہ ثنا کی قیادت میں پاکستان نے یہ ٹورنامنٹ ناقابلِ شکست رہتے ہوئے جیتا تھا اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جو رواں سال کے اوائل میں لاہور میں منعقد ہوا تھا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ڈان ڈاٹ کام کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فاطمہ نے کہا: ’ اگرچہ کنڈیشنز میں فرق ہے، لیکن بیٹرز پُراعتماد ہیں اور چونکہ ہمارے کوالیفائرز اچھے گزرے، اس لیے ہم اعتماد کے ساتھ سیریز میں جا رہے ہیں۔’

انہوں نے کہا کہ ’ ہم اس تسلسل کو جاری رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اچھا کھیلنے کے منتظر ہیں، ساتھ ہی ٹی20 ٹیم کو بھی بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔’

انہوں نے مزید کہا کہ وہ بیٹنگ، بولنگ یا فیلڈنگ، کسی بھی شعبے میں ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ میں اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہوں اور کسی بھی کردار میں ٹیم کی جیت کے لیے کردار ادا کرنا چاہتی ہوں۔’

ٹیم کی ٹاپ آرڈر بیٹر منیبہ علی نے بیٹنگ پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ’ اگرچہ آئرلینڈ کے دورے اور ورلڈ کپ کے درمیان فارمیٹ کا فرق ہے، لیکن ہم ٹی20 پر فوکس کر رہے ہیں اور ساتھ ہی 50 اوور کے فارمیٹ پر بھی کام جاری رکھیں گے۔’

لیفٹ ہینڈ اوپنر نے مزید کہا کہ’ کوالیفائرز ٹورنامنٹ میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ( ٹریننگ کیمپ کے دوران) ان پر قابو پانے کی کوشش کی ہے، اور اس ٹورنامنٹ سے حاصل شدہ مثبت پہلوؤں پر مزید بہتری کی ہے۔’

ہفتے کے روز پاکستان ٹیم کے آئرلینڈ کے دورے کی تیاریوں کے پہلے مرحلے کا اختتام کراچی میں ہوا۔

یہ 27 روزہ کیمپ 7 جولائی سے جاری تھا، جو حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور اوول گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا، جس میں مہارتوں کو نکھارنے اور فٹنس کی بہتری پر زور دیا گیا تاکہ ٹیم آئرلینڈ کے دورے کے لیے مکمل تیار ہو۔

15 رکنی اسکواڈ کے لیے ایک الگ تربیتی کیمپ 28 جولائی سے 2 اگست تک منعقد کیا جائے گا، جب کہ ٹیم 3 اگست کو آئرلینڈ روانہ ہوگی۔

ستمبر میں 50 اوور کے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل، پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور میں ایک تین میچوں کی سیریز کھیلے گا، جو 16 سے 22 ستمبر تک ہوگی۔

ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت میں منعقد ہوگا، لیکن پاکستان اس عالمی ایونٹ کے میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔

یہ فیصلہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کیا گیا ہے، جس کے مطابق سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے مقامات پر نہیں کھیلیں گے۔

پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے ساتھ مقابلہ 5 اکتوبر کو ہوگا، جس کے بعد 8 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور 15 اکتوبر کو 2017 کی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف میچز ہوں گے۔

قومی ٹیم پھر نیوزی لینڈ (18 اکتوبر)، جنوبی افریقہ (21 اکتوبر)، اور شریک میزبان سری لنکا (24 اکتوبر) کے خلاف اپنے راؤنڈ رابن مرحلے کے میچز مکمل کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025