سری لنکا: سابق نیول چیف مشتبہ شخص کے اغوا اور 15 سال قبل گمشدگی کے الزام میں گرفتار
سری لنکا میں تفتیش کاروں نے پیر کے روز بحریہ کے سابق سربراہ کو ایک مشتبہ شخص کے اغوا اور 15 سال قبل گمشدگی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات کرنے والے ایک افسر (جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، کیونکہ انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں تھی) نے کہا کہ ایڈمرل نسانتھا اُلُگیتنے کو 2010 میں ہونے والی گمشدگی کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا، جب وہ نیول انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ تھے۔
اُلُگیتنے، جو دسمبر 2022 میں بحریہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سری لنکا کے سفیر کی حیثیت سے کیوبا میں خدمات انجام دے چکے ہیں، انہیں بدھ تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
افسر نے کہا کہ ہم نے ان کا 2010 میں 48 سالہ شخص کی گمشدگی کے بارے میں بیان ریکارڈ کیا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
اُلُگیتنے کی گرفتاری ایک اور سابق نیوی چیف، واسنتھا کرنّاگوڈا، کے خلاف جاری تحقیقات کے تناظر میں سامنے آئی ہے، جس نے سری لنکا کی 37 سالہ تامل علیحدگی پسند جنگ کے دوران ماورائے عدالت قتل کے الزامات پر توجہ مرکوز کی۔
یہ ماورائے عدالت قتل اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے متعدد اجلاسوں میں زیر بحث آچکے ہیں، جن میں علیحدگی پسند تنازع کے دوران ہونے والی مظالم کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔












لائیو ٹی وی