پاکستانی کرکٹر اسامہ میر کا ووسٹرشائر کے ساتھ ’3 سالہ ٹی 20 معاہدہ‘
پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر کا بین الاقوامی کیریئر ایک طویل وقفے کی طرف جا رہا ہے کیونکہ انہوں نے ووسٹر شائر کاؤنٹی کے ساتھ سال 2026 سے 3 سالہ ٹی 20 کرکٹ کا معاہدہ کر لیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اوسامہ میر کاؤنٹی کے ساتھ معاہدے کے پہلے سال بطور غیر ملکی کھلاڑی کھیلیں گے، جب کہ سال 2027 سے انہیں مقامی کھلاڑی تصور کیا جائے گا۔
29 سالہ اسامہ میر برطانیہ میں شہریت حاصل کرنے کے اہل ہیں کیونکہ ان کی اہلیہ برطانوی شہری ہیں، تاہم انہوں نے تاحال پاکستان کرکٹ سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
لیگ اسپنر ان کھلاڑیوں میں بھی شامل تھے جنہوں نےسال 2023 میں طویل مذاکرات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ 3 سالہ معاہدے پر دستخط کیے تھے، تاہم گزشتہ برس انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔
اسامہ میر بتدریج قومی ٹیم سے باہر ہوتے جار ہے ہیں، انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ اپریل 2024 میں کھیلا تھا۔ لیگ اسپنر کے بورڈ کے ساتھ تعلقات اس وقت مزید خراب ہو گئے جب انہیں 2023 میں ووسٹرشائر ریپیڈز کے ساتھ سائن ہونے کے باوجود ٹی 20 بلاسٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دی گئی، کیونکہ پی سی بی نے اوسامہ میر کو این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے کی وجہ ’پی ایس ایل پلس 2‘ پالیسی کو قرار دیا تھا، جس کے تحت کھلاڑیوں کو 12 ماہ کے عرصے میں 2 سے زیادہ غیر ملکی ٹی 20 لیگز میں شرکت کی اجازت نہیں ہے۔
جس کے بعد سے اسامہ میر نے پاکستان اور بیرونِ ملک مختلف ٹی 20 لیگز میں حصہ لیا، جن میں دی ہنڈریڈ، بی بی ایل، پی ایس ایل اور حالیہ گلوبل سپر لیگ شامل ہیں۔
کرک انفو کے مطابق، اسامہ میر فی الحال پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ اگلے 2 سیزن تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں، تاہم سال 2027 سے انہیں پاکستان میں کسی بھی ڈومیسٹک ایونٹ میں بطور غیر ملکی کھلاڑی رجسٹر ہونا پڑے گا کیونکہ اُس وقت تک وہ برطانیہ میں مقامی کھلاڑی کا درجہ حاصل کر لیں گے۔
اگرچہ اسامہ میر نے اپنے 12 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی 20 میں کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھائی، لیکن انہوں نے مختلف ٹی 20 لیگز میں اپنی صلاحیت کے جھلک ضرور دکھائی ہے۔ لیگ اسپنر پی ایس ایل 2024 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بنے تھے۔












لائیو ٹی وی