جرمن شہر نیورمبرگ کے چڑیا گھر نے جگہ نہ ہونے پر 12 ببون بندروں کو ہلاک کر دیا

شائع July 30, 2025
جانوروں کے حقوق کی تنظیمیں اس عمل کےخلاف فوجداری شکایت درج کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں — فوٹو: بشکریہ ڈی ڈبلیو
جانوروں کے حقوق کی تنظیمیں اس عمل کےخلاف فوجداری شکایت درج کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں — فوٹو: بشکریہ ڈی ڈبلیو

جرمن شہر نیورمبرگ کے ایک چڑیا گھر نے منگل کے روز 12 ببون بندروں کو ہلاک کر دیا، اس کہانی کی جڑیں ان خدشات میں تھیں کہ چڑیا گھر کے پاس بڑھتی ہوئی ببون آبادی کو رکھنے کے لیے ناکافی جگہ موجود ہے، اس فیصلے کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹیئرگارٹن نیورمبرگ چڑیا گھر نے فروری 2024 میں اعلان کیا تھا کہ وہ ان ببونز کو مارنے کا ارادہ رکھتا ہے جن کے لیے اس کے پاس جگہ موجود نہیں، چڑیا گھر نے کہا تھا کہ اس نے کچھ ببونز کو دیگر جگہوں پر بھیجنے کی کوشش کی، لیکن کوئی بھی انتظام کامیاب نہیں ہو سکا۔

اس منصوبے کو جانوروں کے حقوق کے گروہوں کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور چڑیا گھر میں مظاہرے بھی ہوئے پیر کے روز چڑیا گھر نے اعلان کیا کہ اسے ببونز کو ہلاک کرنے کی تیاری شروع کرنا ہوگی، منگل کی صبح اس نے آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر ایک دن کے لیے بند ہونے کا اعلان کیا۔

منگل کی دوپہر کو پولیس نے بتایا کہ کئی کارکنوں نے چڑیا گھر میں زبردستی داخل ہو کر کچھ دیر زمین سے چپکنے کی کوشش کی، جنہیں بعد میں حراست میں لے لیا گیا۔

جرمن نیوز ایجنسی ’ڈی پی اے‘ نے رپورٹ کیا کہ اس کے تھوڑی ہی دیر بعد، چڑیا گھر نے اعلان کیا کہ اس نے 12 ببون بندروں کو ہلاک کر دیا ہے، مزید تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں تھیں۔

جانوروں کے حقوق کی تنظیموں نے کہا کہ وہ اس عمل کے خلاف فوجداری شکایت درج کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

چڑیا گھر میں گنی ببونز کی تعداد بڑھ کر 43 ہو گئی تھی، جب کہ 2000 کی دہائی کے آخر میں بنائے گئے ان کے رہائشی حصے کو صرف 25 جانوروں اور ان کے بچوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ زیادہ جانوروں کی موجودگی سے ان میں جھگڑے بڑھنے لگے تھے۔

چڑیا گھر نے کہا کہ اس نے اس مسئلے کے حل کے لیے پہلے بھی اقدامات کیے تھے، جن میں 2011 سے اب تک پیرس اور چین کے چڑیا گھروں کو 16 ببونز کی منتقلی شامل ہے، تاہم اب وہ چڑیا گھر بھی اپنی گنجائش پوری کر چکے ہیں۔

مانع حمل (کنٹریسیپشن) کی ایک کوشش بھی کئی سال پہلے کی گئی تھی، لیکن وہ مطلوبہ نتائج نہ دے سکی، اس لیے چھوڑ دی گئی۔

یورپ کے چڑیا گھروں میں جانوروں کو مختلف وجوہات کی بنا پر باقاعدگی سے ہلاک کیا جاتا ہے۔

کچھ پچھلے واقعات نے شدید ردعمل کو جنم دیا، جیسے کہ 2014 میں کوپن ہیگن کے چڑیا گھر میں ایک صحت مند 2 سالہ زرافے کو ہلاک کر کے اس کی باقیات کو بچوں کی موجودگی میں کاٹ کر شیروں کو کھلایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025