• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

سندھ حکومت کا ’معرکۂ حق‘ تھیم کے تحت 14 اگست بھرپور انداز میں منانے کا اعلان

شائع July 30, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اس سال جشنِ آزادی ’معرکۂ حق‘ کے تھیم کے ساتھ بھرپور انداز میں منایا جائے گا، یکم سے 14 اگست تک صوبے بھر میں تقریبات اور ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اس بار 14 اگست صرف ایک دن تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ یکم سے 14 اگست تک مختلف تقریبات کا انعقاد ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال 14 اگست مناتے ہیں، لیکن اس بار وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ جشنِ آزادی صرف ایک دن تک محدود نہ ہو، یکم سے 14 اگست تک مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ مئی میں حاصل ہونے والی ’معرکۂ حق‘ کی کامیابی کو بھی بھرپور انداز میں منایا جائے اور قوم کو آزادی کی اہمیت کا عملی احساس دلایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 14 اگست کے موقع پر ہر سال ہونے والی تقریبات اس بار بھی منعقد ہوں گی، تاہم اس کے ساتھ ساتھ اضافی تقریبات بھی رکھی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اڑان پاکستان‘ جیسے منصوبوں کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کر کے اسے ایشیا کی مضبوط معیشتوں میں شامل کیا جا سکے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ اسی سلسلے میں انہوں نے بزنس کمیونٹی، بینکوں اور صنعت کاروں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں تاکہ جشنِ آزادی کو صوبہ سندھ میں بھرپور انداز سے منایا جا سکے، ہر اہم عمارت پر قومی پرچم لگایا جائے گا، جب کہ گھروں، شاپنگ مالز اور گاڑیوں کو سجانے کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے اور جو گھر، عمارت یا گاڑی اچھے سے سجی ہوئی ہوگی اس کو انعام بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹویوٹا موٹرز کے تعاون سے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں عوام کے لیے اوپن کنسرٹ منعقد کیا جائے گا، اس کنسرٹ میں ملک کے معروف فنکار شریک ہوں گے تاکہ عوام کو بھرپور تفریح فراہم کی جا سکے، اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق عارف حبیب گروپ آف کمپنیز کے تعاون سے 8 اگست کو حیدرآباد کے رانی باغ میں میوزیکل کنسرٹ منعقد ہوگا، جب کہ 10 اگست کو سکھر کے میونسپل اسٹیڈیم یا روڈ یونیورسٹی میں بھی اسی طرز کا کنسرٹ ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 13 اگست کو ثقافتی ادارے کے زیرِ اہتمام سی ویو سے لے کر شارع فیصل تک ایک ثقافتی فلوٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جو مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا عوامی شرکت کے ساتھ مکمل ہوگا۔

اس کے علاوہ 3 اگست کو کراؤن گروپ کے تعاون سے خواتین کی موٹر بائیک ریلی کا اہتمام کیا جائے گا، جو کراچی سے شروع ہو کر چوکنڈی تک جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق محکمہ کھیل کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے 14 دنوں کے دوران 107 کھیلوں کے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 12 اور 13 اگست کو گلستانِ جوہر میں کیپٹن سرور شہید اسپورٹس گالا کا انعقاد ہوگا، 10 اگست کو نشانِ پاکستان سے دو دریا تک اور پھر واپسی پر میراتھن ریس کرائی جائے گی۔

اسی روز سی ویو سے فریئر ہال تک روایتی ڈنکی کارٹ ریس بھی منعقد ہوگی، 8 اگست کو برہان اسپورٹس کمپلیکس میں میئر الیون اور منسٹر الیون کے درمیان نمائشی میچ ہوگا اور 9 اگست کو معین خان اکیڈمی میں قلندر الیون اور بھٹائی الیون آمنے سامنے ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ 9 اگست کو محکمہ فشریز، ڈپٹی کمشنر کیماڑی اور کے پی ٹی کے تعاون سے کشتی ریس (Boat Race) کا انعقاد کیا جائے گا، جب کہ اسی طرز کی مختلف تقریبات صوبہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ سندھ کی آزادی کی تقریبات دیگر صوبوں سے زیادہ نمایاں اور یادگار ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے موقع پر محکمہ اقلیتی امور ایک بڑا جشنِ آزادی ایونٹ منعقد کرے گا، اس کے علاوہ جشن آزادی کے ان ایام میں خصوصی افراد (معذور افراد) کے لیے بھی ایک تقریب رکھی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ 5 اگست کو بھارت کی جانب سے کشمیر میں آئینی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو یاد کرتے ہوئے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات کے دوران ایک بڑی جگہ پر ہیومن فلیگ (انسانی پرچم) بھی بنایا جائے گا، جس میں عوام کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ان تقریبات میں شریک ہوں اور قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025