بھارتی اداکارہ کار حادثے میں نوجوان کو ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار
بھارتی ریاست آسام کی معروف اداکارہ و سوشل میڈیا اسٹار نندنی کشیپ کو کار ایکسیڈنٹ سے نوجوان مسلمان لڑکے کو ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق نندنی کشیپ کو آسامی پولیس نے 30 جولائی کو گرفتار کرنے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا۔
پولیس کے مطابق اداکارہ نے رواں ماہ 25 جولائی کو تیز رفتار کار کی ٹکر سے 21 سالہ مسلمان لڑکے سمیع الحق کو شدید زخمی کردیا تھا، جسے ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ 29 جولائی کی شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکے کے انتقال کے بعد اداکارہ کے خلاف دائر مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کرکے اداکارہ کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ ان کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے کار کی ٹکر سے نوجوان کو زخمی کرنے کے بعد پیچھے مڑ کر تک نہ دیکھا تھا اور تیز رفتاری سے گاڑی چلاتی ہوئی، جائے وقوع سے فرار ہوگئی تھیں۔
حادثے کا شکار بننے والے نوجوان کے دوستوں نے اداکارہ کی کار کا پیچھا کیا تھا، اداکارہ کار سمیت ایک رہائشی عمارت میں داخل ہوئیں، جہاں انہوں نے ویڈیو بنانے والے نوجوانوں کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کا شکار بننے والے لڑکے کے اہل خانہ کے مطابق ابتدائی طور پر اداکارہ نے زخمی لڑکے کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی حامی بھری لیکن وہ چار دن تک ہسپتال نہ آئیں، نہ ان سے رابطہ کیا۔
دوسری جانب اداکارہ نے لڑکے کو کار حادثے میں زخمی کرنے کے دعووں کو مسترد کردیا، تاہم پولیس کے مطابق عینی گواہان نے بتایا کہ نندنی کشیپ نے ہی نوجوان کو کار سے ٹکر ماری اور پھر فرار ہوگئیں۔












لائیو ٹی وی