مصطفیٰ نواز کھوکھر اور ان کا خاندان ’ریئل اسٹیٹ مافیا‘ ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر اور ان کی فیملی ریئل اسٹیٹ مافیا کا حصہ ہیں، جس میں جبر، زور زبردستی اور غنڈہ گردی شامل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ایک ویڈیو پیغام میں اپوزیشن جماعتوں کی پریس کانفرنس کو ایرانی صدر کے دورہِ پاکستان کو سبوتاژ کرنےکی کوشش قرار دیتے ہوئےکہا ان کے پاس کوئی تحقیق نہیں، مصطفیٰ نواز کھوکھر صاحب ریئل اسٹیٹ مافیا کا حصہ ہیں، ان کی پوری فیملی ریئل اسٹیٹ کے ایک ایسے بزنس سے منسلک رہی ہے جس میں جبر، زور زبردستی، اور غنڈہ گردی کے علاوہ کوئی دوسرا عنصر شامل نہیں رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر آج جب قوم کو لکچر دے رہے ہیں تو وہ یہ بھی بتادیں کہ اُن کی فیملی نے جو ریئل اسٹیٹ کا مافیا اسٹیبیلش کیا، وہ کیسے کیا ؟
عطااللہ تارڑ نے اپوزیشن جماعتوں کی پریس کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ نہ تو وہ معاشی اعشاریے بتا سکے، نہ ہی ملکی معاشی ترقی پر اپنا نقطہ نظر بتا سکے، جب بھی پاکستان میں غیر ملکی سربراہ کا دورہ شروع ہونے لگتا ہے، یہ اس کو خراب کرنے اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اُنہیں بخوبی معلوم ہےکہ کل ایرانی صدر دورہِ پاکستان کر رہے ہیں، پوری قوم کو ان کے دورے کا انتظار ہے، وہ دوست ملک کی حثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، اُن کا پُرتپاک استقبال کیا جائےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے صدر کا دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم سنگ میل ہے، جب بھی کوئی غیر ملکی سربراہ پاکستان آتا ہے تو یہ لوگ اُس وزٹ کو خراب کرنے کے لیے اس طرح کی پریس کانفرنسز شروع کر دیتے ہیں۔
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، ان کو پتا ہے کہ ہمارا تاریخی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا، زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے۔
اپوزیشن کو پتا ہے کہ گزشتہ روز ہی پیڑول کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، پالیسی ریٹ 22 سے 11 فیصد پر آگیا ہے، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے، انہیں معلوم ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی بلندی دیکھی گئی ہے، اسٹاک ایکسچینج کا بڑھنا سرمایہ کاروں اور کاروباری برداری کے ملک کی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ ان کی پریس کانفرنس میں کوئی تحقیق شامل نہیں، یہ وہی گھسا پٹا اعلامیہ لے آتے ہیں، جس کے اندر کوئی اعداد و شمار شامل نہیں ہوتے، معیشت کے ہر شعبے میں ترقی ہوئی، پاکستان کا ہر طبقہ ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم اور تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا، عوام دوست بجٹ پر انہیں ایسی کوئی چیز نہیں ملی، جس پر وہ تنقید کر سکیں۔












لائیو ٹی وی