• KHI: Clear 19.7°C
  • LHR: Clear 10.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.2°C
  • KHI: Clear 19.7°C
  • LHR: Clear 10.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.2°C

بلاول کی ہدایت پر اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹس کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع

شائع August 5, 2025
— فوٹو: ورلڈ ریلیشنز/فیس بک
— فوٹو: ورلڈ ریلیشنز/فیس بک

سندھ حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر شہریوں کو اجرک ڈیزائن والی نئی نمبر پلیٹس حاصل کرنے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھا دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ بلاول ہاؤس میں پی پی پی چیئرمین اور سندھ کے وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول، مکیش کمار چاؤلہ کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کی بریفنگ کے دوران کیا گیا، ملاقات میں منشیات کی ضبطی، قانون سازی کی کارکردگی اور دیگر گورننس امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے، سیکیورٹی فیچر والی نمبر پلیٹس نصب کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے۔

اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وزیر مکیش کمار چاولہ نے اس ڈیڈ لائن کو 14 اگست سے بڑھا کر 31 اکتوبر کر دیا۔

ملاقات کے بعد، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اس توسیع کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ (جو سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے چیف وِہپ بھی ہیں) نے چیئرمین بلاول کو پارٹی ارکان کی حاضری اور کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا، انہوں نے سندھ نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ کی حالیہ کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی۔

بیان کے مطابق مکیش چاؤلہ نے چیئرمین کو بتایا کہ نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ نے 7 ارب روپے مالیت کی ریکارڈ منشیات ضبط کی ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت گاڑیوں کی سیکیورٹی فیچر والی نمبر پلیٹس کو اپ ڈیٹ کرنے کی مہم تیز کر دی گئی، جس سے صوبے میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔

تاہم، سندھ حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سامنا بھی ہے، موجودہ نمبر پلیٹس کو اجرک ڈیزائن والی نئی پلیٹس سے تبدیل کرنے کے فیصلے، اور ٹریفک پولیس کو بھاری جرمانے کرنے کے اختیارات دیے جانے پر اپوزیشن نے شدید اعتراض کیا ہے۔

اپوزیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پی پی پی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت اقدامات سے روکے اور نئی نمبر پلیٹس کی فیس معاف کی جائے۔

احتجاج کرنے والوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بنیادی ضروریات اور عوامی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، اور اس کے بجائے گاڑیوں کی رجسٹریشن پر توجہ دے رہی ہے۔

ایک سال میں 20 ارب روپے سے زائد کی ریکوری

چیئرمین پیپلز پارٹی کو سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نثار کھوڑو (جو پی پی پی سندھ کے صدر بھی ہیں) نے احتساب کے میدان میں حاصل کی گئی بڑی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

اس اجلاس میں پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور انفارمیشن سیکریٹری عاجز دھامرا بھی شریک تھے۔

بیان کے مطابق نثار کھوڑو نے بلاول کو آگاہ کیا کہ سندھ اسمبلی کی پی اے سی نے مختلف وفاقی و صوبائی اداروں سے ایک سال میں 20 ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ ریکوری ممکن بنائی ہے، ان اداروں میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، کے-الیکٹرک، پاکستان اسٹیل ملز، اور پاکستان مشین ٹول فیکٹری شامل ہیں، جن پر سندھ حکومت کے واجبات تھے۔

نثار کھوڑو کے مطابق یہ ریکوریز نہ صرف مالی لحاظ سے بڑی تھیں بلکہ پہلی بار اس سطح پر کامیابی حاصل کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے بھی اس غیر معمولی ریکوری کو تسلیم کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ کی پی اے سی کا فعال کردار شفاف طرزِ حکمرانی کے لیے خوش آئند ہے، اور یہ پارلیمانی نگرانی کے عمل کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

ایک علیحدہ بریفنگ میں، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے چیئرمین بلاول کو صوبے میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال، ڈھانچے میں کی جانے والی تبدیلیوں اور آئندہ کی حکمتِ عملیوں سے بھی آگاہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 فروری 2026
کارٹون : 4 فروری 2026