سمبڑیال: ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 7 لوگ سیلاب میں بہہ گئے
مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث تباہی کا سلسلہ جاری ہے، ضلع سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال کے علاقے ماجرہ کلاں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 7 لوگ سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق سیلاب میں بہنے والوں میں 2 بچوں اور باپ سمیت 3 افراد تاحال لاپتا ہیں، جبکہ اہلیہ اور بیٹی سمیت 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ دریائے چناب کے اوور فلو ہونے سے 50 سے زائد دیہات زیر آب آئے ہیں۔
اس دوران سمبڑیال میں سیلاب سے پھنس جانے والے 110 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جب کہ شدید طغیانی کے باعث لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سیالکوٹ اور گرد ونواح میں گزشتہ روز ریکارڈ 355 ملی میٹر بارش ہوئی، طوفانی بارش کے باعث سیالکوٹ کے مرکزی علاقوں اور اطراف کے تمام علاقے پانی میں ڈوب گئے تھے، کوئی سڑک، چوراہا، بازار، گلی یا محلہ ایسا نہیں جہاں 2 سے 3 فٹ پانی کھڑا نہ ہوا ہو۔
موسلادھار بارش سے شہر میں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے تھے، گلی محلے اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔
بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا تھا، ساتھ ہی طوفانی بارش کے باعث واپڈا کے بیشتر فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے تھے۔













لائیو ٹی وی