فیکٹ چیک: 12 سالہ پاکستانی ماں کی قرار دی جانیوالی وائرل ویڈیو ویتنامی بہن بھائیوں کی ہے

شائع September 3, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ ایکس’ پر اسلام مخالف، انتہا پسند بھارتی صارفین نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ایک چھوٹی لڑکی کو اسپتال کے بستر پر نومولود کے ساتھ دکھایا گیا ہے، دعویٰ کیا گیا کہ یہ ویڈیو پاکستان کی 12 سالہ بچی کی ہے جسے ایک 60 سالہ شخص نے حاملہ کردیا اور اس نے بچے کو جنم دیا۔

آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم کی جانب سے کی گئی جانچ پڑتال میں پتا چلا کہ یہ ویڈیو پاکستان کی نہیں بلکہ ویتنام کے دو بہن بھائیوں کی ہے۔

دعویٰ

ایک روز قبل ایک صارف نے، جو اپنے پچھلے مواد کی بنیاد پر اسلام مخالف پوسٹس کرتا رہا ہے، ایک ویڈیو ایکس پر ڈالی جس میں ایک کم سن لڑکی بچے کے ساتھ دکھائی گئی۔

اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ’ پاکستان: اسلام ایک فرقہ پرست مذہب ہے۔ کتنا افسوسناک … پاکستان میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 11 سالہ بچی کی شادی 60 سالہ شخص سے کر دی گئی اور اس نے 12 سال کی عمر میں بچہ جنم دیا۔’

یہ پوسٹ 1 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھی گئی۔

ایک بھارتی پروپیگنڈہ اکاؤنٹ نے بھی اسی دعوے کے ساتھ یہ ویڈیو شیئر کی جسے 1 لاکھ 2 ہزار ویوز ملے۔

مزید کئی صارفین نے بھی ایکس پر یہی ویڈیو اور دعویٰ پھیلایا، جیسا کہ یہاں، یہاں، یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے، جنہیں مجموعی طور پر 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد ویوز ملے۔

اہم بات یہ ہے کہ ان پوسٹس میں کسی قسم کی اضافی تفصیل جیسے واقعے کی تاریخ یا مقام فراہم نہیں کیا گیا۔

فیکٹ چیک

اس دعوے کی سچائی جانچنے کے لیے فیکٹ چیک کیا گیا تاکہ اس کے زیادہ وائرل ہونے اور اس سے پیدا ہونے والے نقصان کو روکا جا سکے۔

کی ورڈ سرچ سے یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان میں حال ہی میں ایسا کوئی واقعہ قومی یا مقامی مستند نیوز اداروں نے رپورٹ نہیں کیا۔

ویڈیو کو غور سے دیکھنے پر بھی یہ ظاہر ہوا کہ لوگ پاکستان کی کسی زبان یا لہجے میں بات نہیں کر رہے تھے۔

ریورس امیج سرچ کے نتیجے میں یہ ویڈیو ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ “baongoc._.93” پر 9 اگست 2024 کو پوسٹ کی گئی ملی۔

@baongoc._.93

Bé chị 700g ấp bé em 900g . 2thiên thần đáng yêu của mẹ 🥰🥰🥰🥰🥰 chi2 nay lớn rồi hiểu chuyện với mẹ lắm@HùngThỏ_Long An #xuhuongtiktok #EmBéCute

♬ nhạc nền - Bảo Ngọc - Bảo Ngọc

ویڈیو کے کیپشن کا ویتنامی سے ترجمہ یہ تھا کہ’ بڑی بہن کا وزن 700 گرام اور چھوٹی بہن کا 900 گرام ہے۔ ماں کے یہ دو پیارے فرشتے۔ اب یہ دونوں بڑے ہو گئے ہیں اور اپنی ماں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔”

اسی ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر مزید تحقیق کے دوران 11 اگست 2024 کی ایک اور ویڈیو ملی جس میں ایک خاتون کو اپنے بچے کو سینے سے لگائے دکھایا گیا تھا اور وہ اپنے بچوں کے بارے میں پھیلائی جانے والی باتوں پر تنقید کر رہی تھیں۔

15 اکتوبر 2024 کو اپ لوڈ ہونے والی ایک اور ویڈیو میں وہی لڑکی اور بچہ بستر پر ساتھ دکھائے گئے، اور اس پر تحریر تھا کہ ’ دو بہنیں ایک دوسرے سے محبت کرتی ہیں۔’

اسی اکاؤنٹ پر مزید ویڈیوز بھی ملیں جن میں وہی لڑکی اور شیرخوار ساتھ کھیل رہے تھے، اور کیپشن میں لکھا تھا،’ میری سب سے قیمتی یادیں میری اولاد کا بچپن ہیں’ یا پھر سالگرہ جیسی تقریبات مناتے ہوئے دکھایا گیا۔

@baongoc._.93

Cười chắc té ghế @Ngân Nguyễn16872 #bégaidangyeu #becute

♬ nhạc nền - Hào Po Q9 - Hào Po Q9

نتیجہ: گمراہ کُن

لہٰذا فیکٹ چیک سے یہ ثابت ہوا کہ وائرل ویڈیو کے بارے میں یہ دعویٰ , کہ یہ پاکستان کی 12 سالہ بچی ہے جسے ایک 60 سالہ شخص نے حاملہ کیا، مکمل طور پر جھوٹا ہے۔ اصل ویڈیو ویتنام کی ایک کم سن بچی اور اس کی ننھی بہن کی ہے جو اگست 2024 میں شیئر کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2026
کارٹون : 29 جنوری 2026