فیکٹ چیک: پاکستان مخالف پوسٹ کرنے والا اینڈی پائیکرافٹ کا ایکس اکاؤنٹ جعلی ہے

شائع September 16, 2025
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

ایشیاکپ میں پاک-بھارت میچ میں تنازع کی وجہ بننے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر پاکستان مخالف پوسٹسں کو متعدد بھارتی صارفین کی جانب سے شیئر کیا گیا، جس میں پائیکروف نے ایشیا کپ 2025 کے پاک-بھارت میچ میں اپنے متنازع فیصلے پر قائم رہتے ہوئے چیئرمین پی سی بی سمیت کھلاڑیوں پر تنقید کی، تاہم یہ اکاؤنٹ جعلی ہے۔

**آئی ویریفائی پاکستان** کے مطابق ایشیاکپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔

ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔

میچ کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں نے ہاتھ نہیں ملائے اور بھارتی کھلاڑی سیدھا اپنے ڈریسنگ روم چلے گئے، احتجاجاً قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی۔

ایک روز قبل، ایکس پر پائیکروف کے نام سے ایک اکاؤنٹ نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا گیا ’پی سی بی کا بڑا فیصلہ! پی سی بی نے آئی سی سی کو خبردار کیا ہے کہ اگر میچ ریفری کو ہٹایا نہ گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں نہیں کھیلے گا۔

اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’میں اپنے کل کے ہر فیصلے پر قائم ہوں‘۔

مزید لکھا کہ ’پاکستان کے کھلاڑی ہمیشہ کرکٹ کے کھیل کو بدنام کرتے آئے ہیں چاہے وہ ماضی میں حفیظ اور اجمل ہوں (جنہیں میں نے چکنگ پر رپورٹ کیا تھا) یا موجودہ کھلاڑی جیسے فہیم اشرف اور ابرار احمد، اس لیے مجھے احتیاطی تدابیر لینا پڑیں۔

اس پوسٹ کو 20 لاکھ وویوز ملے اور 3 ہزار پر ری شیئر کیا گیا جب کہ 24 ہزار صارفین نے اس پوسٹ کو لائیک کیا۔

اسی پوسٹ کو بھارتی نیوز آؤٹ لیٹ اوڈیشا بائٹس نے بھی 15 ستمبر 2025 کو ایک مضمون میں شائع کیا جس کا عنوان تھا کہ ’پاکستانی کرکٹرز نے کھیل کو بدنام کیا: اینڈی پائیکروف‘

یہ پوسٹ بھارت کے متعدد صارفین نے بھی شیئر کی۔

پوسٹ کی مقبولیت اور عوامی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اس کی حقیقت جانچنے کے لیے فیکٹ چیک کیا گیا۔

منگل کو صبح 10 بجکر 27 منٹ پر اس پوسٹ کو دیکھنے پر ظاہر ہوا کہ اکاؤنٹ کا نام ’گنگادہر_90‘ ہے لیکن جب پروفائل پر کلک کیا گیا تو ایکس نے بتایا ’یہ اکاؤنٹ موجود نہیں ہے‘۔

اکاؤنٹ کو کئی بار ریفریش کرنے کے بعد پروفائل کھل گیا جس کا نیا نام ’اینڈی پائیکرافٹ_90‘ تھا۔

پروفائل کا جائزہ لینے پر پرانی پوسٹس سامنے آئیں جو ہندی میں لکھی گئی تھیں یا بھارتی سیاست اور پاک-بھارت کشیدگی سے متعلق تھیں، جو کسی زمبابوین سابق کرکٹر سے بالکل مطابقت نہیں رکھتیں۔

ایکس پر ایڈوانس سرچ کرنے پر پتا چلا کہ ’اینڈی پائیکرافٹ_90‘ کے نام سے پوسٹس صرف گزشتہ 13 گھنٹوں کی ہیں جب کہ بایو میں لکھا تھا کہ یہ اکاؤنٹ فروری 2021 میں بنایا گیا۔

دوسری جانب ’گنگادہر_90‘ کے نام سے پرانی پوسٹس مل گئیں جنہیں اب نیا نام دے دیا گیا ہے۔

یہ واضح ہوا کہ اکاؤنٹ کو بعد میں اینڈی پائیکرافٹ کے نام پر بدلا گیا اور یہ اس کا اصل اکاؤنٹ نہیں ہے۔

کچھ صارفین نے بھی تبصروں میں نشاندہی کی کہ اکاؤنٹ کا نام پہلے ’گنگادہر_90‘ تھا۔

آخر میں، وائرل پوسٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ اینڈی پائیکرافٹ نے سعید اجمل اور محمد حفیظ کو مشکوک باؤلنگ ایکشن پر رپورٹ کیا تھا۔

لیکن کی ورڈ سرچ کے نتیجے میں 19 جنوری 2005 کی ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ سامنے آئی جس کا عنوان تھا ’محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار‘۔

رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ کو برسبین میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے میچ کے دوران رپورٹ کیا گیا تھا، اس وقت فیلڈ امپائر رڈی کوئرزن اور پیٹر پارکر، تھرڈ امپائر سائمن ٹوفل اور میچ ریفری کرس براڈ نے رپورٹ جمع کرائی تھی۔

اس رپورٹ میں اینڈی پائیکرافٹ کا کوئی ذکر نہیں تھا، اور نہ ہی کسی سرچ میں یہ ملا کہ انہوں نے حفیظ کو کبھی رپورٹ کیا۔

لہٰذا فیکٹ چیک میں یہ ثابت ہوا کہ اینڈی پائیکرافٹ کے نام سے پاکستانی کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والی وائرل پوسٹ غلط ہے، یہ اکاؤنٹ جعلی ہے اور اسے حال ہی میں سابق کرکٹر کے نام سے تبدیل کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025