پاکستان اور سعودی عرب اسلامی دنیا کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلامی دنیا کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کی مشترکہ دفاعی حکمت علی کا آغاز ہوگا۔
کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اگر سعودی عرب کے بادشاہ نے ہمارے وزیراعظم کو بلا کر دو طرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں تو آپ کو یاد ہوگا کہ ہم نے ہر مرحلے میں یہ بات کی ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان دونوں اسلامی دنیا کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ اسلامی دنیا کی مشترکہ دفاعی حکمت علی کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے موقف کے خلاف ہمیں ہر فورم پر اپنا مضبوط موقف دینا چاہیے، جے یو آئی (ف) اپنے مسلمان بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے، ہم دنیا کے سامنے اپنی تجاویز رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دوحہ میں مسلم ممالک کا اکٹھ ہونا اچھی بات تھی، مگر ہمیں اسلامی کانفرنس سے کوئی بڑی توقعات نہیں تھیں، لیکن اسلامی بلاک کی طرف اس کے لیے پہلا قدم ضرور ہے جس کی ہم حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا سوچے کہ کہاں کہاں رکاوٹیں اور خلیج ہے کہ جسے ختم کیا جائے، ہم نے یہ بھی کہا تھا کہ اسلامی دنیا کی ایک مشترکہ دفاعی قوت ہونی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جمعیت علمائےاسلام ( ف ) نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بد امنی پر آواز اٹھائی ہے اور جے یو آئی کی آواز امن کا پرچار کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر جے یو آئی نے آواز اور ملک بھر سے لوگوں کو بلایا تو پھر اسلام آباد آپ لوگوں کے قبضے میں ہوگا مگر ہم وہاں تک نہیں جانا چاہتے، لیکن اگر آپ ایسا چاہتے ہیں تو پھر ہم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کوئی ریوڑیاں نہیں کہ آپ جس مرضی کو چاہے بخش دیں، عوام کی سوچ سے مختلف الیکشن کا نتیجہ اب نہیں چلے گا،۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ہم ریاست کی بالادستی چاہتے ہیں جس نے بھی آئین اور قانون کو ہاتھ میں لیا ہے ہم علی الاعلان کہتے ہیں کہ انہیں اس کا کوئی حق نہیں بنتا، لیکن اگر مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی تجویز آتی ہے تو میں ریاست سے کہوں گا کہ وہ اسے سنجیدہ لے اور اگر مسئلے کا کوئی پرامن حل سامنے آتا ہے تو ہمیں اس کی طرف بڑھنا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ چاروں صوبوں میں عوام کے مارچ ہوں گے، اور پوری قوم کو ایک صف پر لانے اور قوم کو ایک کرنے کے لیے جے یو آئی (ف) اپنی توانائیاں صرف کرے گی۔













لائیو ٹی وی