ایشیا کپ: بھارتی کپتان سپرفور مقابلے میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کا سوال گول کر گئے

شائع September 20, 2025
— فوٹو: اے سی سی
— فوٹو: اے سی سی

بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے 21 ستمبر کو دبئی میں پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے سپر فور مقابلے سے قبل مصافحہ نہ کرنے کے سوال کو نظرانداز کرتے ہوئے توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کو ترجیح دی ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستان سے مقابلے سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس کی۔

اس دوران صحافیوں کی جانب سے جب بھارتی کپتان سے جب پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ مصافحے کے مسئلے اور اینڈی پائیکرافٹ کی موجودگی کے بارے میں سوال کیا گیا تو بات کا رخ موڑتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ گیند اور بلے کے درمیان اچھا مقابلہ ہوگا۔

سوریا کمار یادیو نے مزید کہا کہ کمرہ بند کرو، فون بند کرو اور سو جاؤ، میرا خیال ہے یہی شور کو بند کرنے کا بہترین طریقہ ہے، کہنا آسان، لیکن کبھی کبھار مشکل بھی ہوتا ہے۔

دوران پریس کانفرنس بھارت کے کپتان نے پہلی بار ایشیا کپ کھیلنے والی عمان کی ٹیم کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمان کے کھلاڑیوں نے اچھی مزاحمت کی، میرا خیال ہے عمان نے اچھی کرکٹ کھیلی، ان کے بیٹرز نے بہت اچھی بیٹنگ کی، لیکن ہم نے بھی اپنے کھلاڑیوں کو بہترین موقع فراہم کیا۔

بھارت نے ایشیا کپ میں اپنے تینوں گروپ میچ جیتے، جس میں عمان کو 21 رنز سے شکست، پاکستان کو 7 اور متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے ہرایا۔

واضح رہے کہ 14 ستمبر روایتی حریفوں کے درمیان گروپ اے کا ٹکراؤ تلخ نوٹ پر ختم ہوا تھا جب بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا، یہ دونوں کرکٹ ٹیموں کا مئی میں ہونے والی 4 روزہ سرحدی جھڑپ کے بعد پہلا آمنا سامنا تھا۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستان کے خلاف جیت کو مسلح افواج کے نام کیا، جسے کھیل میں سیاست لانے کی کوشش کے طور پر دیکھا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا اور 17 ستمبر کے میچ سے پہلے ٹورنامنٹ سے دستبرداری پر غور کیا تھا۔

پی سی بی کے مطابق میچ ریفری نے پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا سے کہا تھا کہ وہ میچ سے پہلے بھارتی کپتان یادو سے ہاتھ نہ ملائیں۔

یہ معاملہ اُس وقت ختم ہوا جب اینڈی پائیکرافٹ نے پاک-یواے ای میچ سے قبل گرین شرٹس کے منیجر اور کپتان سے معافی مانگ لی تھی، تاہم مقابلہ اایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

خیال رہے کہ اینڈی پائیکرافٹ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ میں بھی ریفری برقرار رہے تھے جب کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 21 ستمبر کو شیڈول مقابلے میں بھی میچ ریفری کے فرائض نبھائیں گے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی ٹیم اتوار کے میچ کے لیے بھی ’نو ہینڈ شیک‘ کی پالیسی پر قائم رہے گی، اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچتی ہیں تو 28 ستمبر کو دبئی میں ایک اور ممکنہ پاک-بھارت ٹاکرا ہو سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025