• KHI: Partly Cloudy 24.1°C
  • LHR: Sunny 19.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.1°C
  • LHR: Sunny 19.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.6°C

توشہ خانہ 2 کیس میں آخری 2 گواہان کے بیانات ریکارڈ، 24 ستمبر کو جراح ہوگی

شائع September 22, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں آخری 2 گواہان کے بیان ریکارڈ کرلیے گئے، دونوں گواہان کے بیانات پر 24 ستمبر کو وکلائے صفائی جرح کریں گے۔

اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کی، اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ایف آئی اے ذولفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ملک استغاثہ کی جانب سے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران توشہ خان 2 کیس کے آخری 2گواہان نیب افسر محسن ہارون اور ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد پرویز کے بیانات قلمبند کرلیے گئے، دونوں گواہان کے بیانات پر 24ستمبر کو وکلا صفائی جرح کریں گے۔

توشہ خانہ 2 کیس میں استغاثہ کے گواہان کی شہادت مکمل ہو گئی، مزید کوئی گواہ پیش نہیں کیا جائے گا، مقدمہ میں مجموعی طور 20 گواہان کی شہادت قلمبند کی جا چکی ہے، مقدمہ میں 18گواہان کے بیانات پر جرح بھی مکمل کی جا چکی ہے۔

سماعت کے موقع پر عمران خان کی تینوں بہنیں، بشری بی بی کی بیٹی مہر النسا احمد بھی کمرہ عدالت موجود تھیں، سماعت کے دوران وکلائے صفائی ارشد تبریز اور ظہیر عباس چوہدری بھی عدالت موجود تھے۔

پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ 2 کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

بشریٰ بی بی کو 31 جنوری 2024 کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی،احتساب عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل جاکر گرفتاری دی تھی ۔

سابق خاتون اول کی گرفتاری کےبعد کمشنر اسلام آباد نے بنی گالا میں واقع سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا تھا جس کے بعد بشریٰ بی بی کو بنی گالا منتقل کردیا گیا تھا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کردی تھی لیکن نیب نے توشہ خانہ کیس ٹو میں انہیں 13 جولائی 2024 کو دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔

3 فروری 2024 کو اسلام آباد کے سول جج قدرت اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دوران عدت نکاح کے مقدمے میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم 13 جولائی 2024 کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دوران عدت نکاح کے مقدمے میں سزا کو کالعدم قرار دے کر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بری کردیا تھا۔

23 اکتوبر 2024 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت 10،10 لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں کی عوض منظور کی تھی، تاہم روبکار جاری نہ ہونے کے باعث ان کی رہائی نہیں ہوسکی تھی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت پر رہائی کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔

بعد ازاں، 20 نومبر 2024 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی 10 لاکھ روپے کے مچلکے اور 2 ضامنوں کے عوض ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا اور 22 نومبر کو اڈیالہ جیل سے ان کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی تھیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان 5 اگست 2023 کو گرفتاری کے بعد سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، ان کے خلاف توشہ خانہ کیس کے علاوہ 16 مزید مقدمات درج ہیں جن میں انہوں نے ضمانت نہیں حاصل کیں، تھانہ کوہسار میں 4، تھانہ نون میں2 ،کورال میں ایک مقدمہ درج ہے، سابق وزیراعظم کے خلاف تھانہ گولڑہ ،کراچی کمپنی، آئی نائن، شہزاد ٹاون، سنگجانی اور تھانہ رمنا میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025