پاکستان گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کیلئے عملی اقدامات کررہا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، گرین ہاؤس گیسز میں کمی کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں اور متبادل توانائی اور گرین انرجی کو فروغ دیا جارہا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت جب کہ میں آپ سے مخاطب ہوں، میرے اہل وطن مون سون بارشوں سے شدید متاثر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، 2022 کےسیلاب میں پاکستان نے30ارب ڈالرسے زائد کانقصان اٹھایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر کاربن گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، تاہم پاکستان گرین ہاؤس گیسز میں کمی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے، متبادل توانائی اور گرین انرجی کو فروغ دیا جارہا ہے۔
قبل ازیں، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ عالمی درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری کمی کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سماجی اور اقتصادی چیلنجزبڑھ رہے ہیں، کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔
انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ عالمی ماحولیاتی کانفرنسز میں ہونے والے وعدوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا، متبادل توانائی ذرائع کو فروغ دیتے ہوئے گرین انرجی کی پالیسی اپنانا ہوگی۔












لائیو ٹی وی