کراچی میں کانگو وائرس میں مبتلا ایک اور مریض چل بسا، رواں سال اموات 5 ہوگئیں
کراچی میں کانگو وائرس سے متاثرہ ایک اور شہری انتقال کرگیا، محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہر میں رواں سال کانگو وائرس سے اموات 5 ہوگئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق کانگو سے متاثرہ 28 سالہ زبیر کا تعلق کراچی کے علاقے لانڈھی سے تھا، اور وہ جناح ہسپتال میں زیرعلاج تھا اور بیماری کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
رواں سال جون میں کراچی میں کانگو وائرس سے 2 اموات ہوئی تھیں جبکہ جولائی میں بھی 33 سالہ شخص میں کانگو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں رواں سال کانگو وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے، کانگو وائرس سے 5 اموات کراچی اور ایک ٹھٹہ میں ہوئی، کراچی میں کانگوا وائرس سے پانچوں اموات ضلع ملیر میں ہوئیں۔
کراچی میں رواں سال کانگو وائرس کا پہلا کیس 16 جون کو انڈس ہسپتال کورنگی میں رپورٹ ہوا تھا، 42 سالہ عبدالرؤف ضلع ملیر کا رہائشی تھا، اس کی 16 جون کو ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی تھی اور وہ 17 جون کو انتقال کرگیا تھا۔
2 دن بعد 19 جون 2025 کو ابراہیم حیدری کا رہائشی 22 سالہ نوجوان زبیر لکھیو کانگو وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔
وائرس میں مبتلا زبیر لکھیو کو موت سے ایک ہفتہ قبل انتہائی تشویشناک حالت میں ’سندھ انفکشس ڈیزیز ہسپتال‘ لایا گیا تھا جہاں اُس کا علاج کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکا تھا۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق یہ وائرس انسان سے انسان میں بھی منتقل ہو سکتا ہے، خاص طور پر متاثرہ شخص کے خون، اعضا یا دیگر جسمانی مادّوں سے قریبی رابطے کی صورت میں۔
اس وائرس کی علامات اچانک ظاہر ہوتی ہیں جن میں بخار، پٹھوں میں درد، چکر آنا، گردن میں درد اور اکڑن، کمر درد، سر درد، آنکھوں میں جلن اور روشنی سے حساسیت شامل ہے۔












لائیو ٹی وی