حکومت سندھ کی این جی اوز کو ملازمتوں کی فراہمی میں مقامی افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت

شائع September 30, 2025
فائل فوٹو: لنکڈ اِن
فائل فوٹو: لنکڈ اِن

حکومت سندھ نے تمام ملکی و غیرملکی غیر سرکاری تنظیموں ( این جی اوز ) کو ملازمتوں کی فراہمی میں مقامی افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت کردی۔

محکمہ اطلاعات سندھ کے ایکس اکاؤنٹ پر محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن اور تفصیلات شیئر کی گئی ہیں جن کے مطابق حکومت سندھ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں کام کرنے والی تمام بین الاقوامی غیر سرکاری تنظمیوں ( INGOs) ، غیر سرکاری تنظیموں ( NGOs ) اور کمیونٹی پرمبنی تنظیموں ( CBOs ) اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مقامی افراد کو روزگار دینے کو اولین ترجیح دیں۔

صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر سندھ کے احکامات کے تحت تمام تنظیمیں اپنی بھرتی کے عمل میں سندھ کے مقامی افراد کو ترجیح دیں اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت اور معاشی ترقی کو فروغ دیا جائے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کر کے عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔

نوٹیفکیشن میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حکم پر عملدرآمد کروائیں اور کسی بھی مشکل یا رکاوٹ کی صورت میں سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کو آگاہ کریں۔

مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام سندھ کے عوام کی معاشی و سماجی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2025
کارٹون : 9 نومبر 2025