پاکستانی ڈیزائنر حسین ریہر کا پیرس فیشن ویک میں شاندار ڈیبیو
پاکستانی فیشن انڈسٹری کے لیے ایک اور فخر کا لمحہ سامنے آیا ہے، جب معروف ڈیزائنر حسین ریہر نے پیرس فیشن ویک میں اپنی نئی کلیکشن پیش کرتے ہوئے شاندار ڈیبیو کیا۔
حال ہی میں فیشن ڈیزائنر حسین ریہر نے اپنے برانڈ کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر شاندار کامیابی حاصل کی، جب انہوں نے پیرس میں اپنی نئی کلیکشن ’جیون اسپرنگ-سمر 2026‘ پیش کی۔
نفیس دستکاری اور جدید انداز کے لیے مشہور حسین ریہر کا پیرس فیشن ویک میں شامل ہونا ان کے فنی سفر کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔
برانڈ کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شو کی تصاویر اور رن وے کی جھلکیاں شیئر کی گئیں، کیپشن میں لکھا گیا کہ جیون نے پیرس میں پہلا شو پیش کیا، اسپرنگ-سمر 2026 کی کلیکشن کاریگری، نفاست اور جدید انداز کا خوبصورت امتزاج ہے۔
حسین ریہر کی ’جیون‘ کلیکشن میں روایتی پاکستانی دستکاری کو جدید انداز کے ساتھ خوبصورتی سے پیش کیا گیا، کئی ملبوسات میں آئینہ کاری، سنہری چمکدار کپڑے اور نفیس کڑھائی شامل تھی، جب کہ جامہ وار، جال اور آرگنزا جیسے کپڑوں کو موتیوں، آرائش اور ہاتھ کی کڑھائی سے سجایا گیا، جو ان کی باریکی اور کاریگری میں مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔
ناظرین نے روایتی انداز کو جدید اسٹائل کے ساتھ پیش کرنے پر حسین ریہر کو خوب سراہا، جس سے پاکستانی فیشن کے لیے عالمی سطح پر ایک نیا معیار قائم ہوا، کلیکشن کی اسٹائلنگ اور پیشکش ان کے وژن اور محنت کی عکاس تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فیشن ڈیزائنر نے اس کلیکشن کا نام اپنے پالتو کتے ’جیون‘ کے نام پر رکھا۔
فیشن ویک معروف ہوٹل دے میزونز (Hotel de Maisons) میں منعقد ہوا، جو پیرس کے نمایاں مقامات میں سے ایک ہے اور جہاں اکثر ہائی پروفائل فیشن ایونٹس اور ایلیٹ اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں۔
پیرس میں حسین ریہر کی کامیاب شروعات نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پاکستانی فیشن انڈسٹری کے لیے بھی ایک فخر کا لمحہ ہے۔
بلاشبہ پاکستانی فیشن اب عالمی سطح پر اپنی پہچان قائم کر رہا ہے، کیونکہ کئی بین الاقوامی شخصیات بھی پاکستانی برانڈز کو ترجیح دے رہی ہیں۔
گزشتہ دنوں امریکی گلوکارہ ڈوجا کیٹ نے نیویارک میں یوٹیوب میوزک کی میزبانی میں اپنے نئے البم ’وی‘ کی پروموشن کے دوران پاکستانی برانڈ ’وارپ‘ کا ہینڈ بیگ اٹھایا ہوا تھا۔
اسی طرح پاکستانی ملبوسات کا برانڈ ’راستہ‘ بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان رکھتا ہے، جسے اکیڈمی ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکار رِز احمد نے بھی زیب تن کیا، جنہوں نے ڈزنی کی مشہور سیریز مس مارول میں کام کیا ہے۔












لائیو ٹی وی