• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

طلحہ انجم کا گانوں میں تشدد یا منشیات کو فروغ دینے سے متعلق تاثر پر ردعمل

شائع October 6, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

پاکستانی ریپ گلوکار طلحہ انجم نے اپنے گانوں میں تشدد یا منشیات کے فروغ سے متعلق تاثر پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے میوزک کے ذریعے منفی رویے یا رجحانات کو فروغ دینے کی کوشش نہیں کی۔

معروف ریپ گلوکاروں کی جوڑی طلحہ انجم اور طلحہ یونس، جو ’ینگ اسٹنرز‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں، گزشتہ ایک دہائی سے موسیقی کی صنعت میں فعال ہیں اور ان کے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے شمار مداح موجود ہیں۔

طلحہ انجم نے حال ہی میں ’رفتار‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران گلوکار سے سوال کیا گیا کہ ان کے گانوں میں گالیاں اور شراب سے متعلق الفاظ شامل ہیں، کیا وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے یہ گانے یا رویے منشیات، شراب نوشی یا تشدد جیسے رجحانات کو فروغ دیتے ہیں؟

اس پر طلحہ انجم نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی اپنے گانوں کے ذریعے تشدد کو فروغ دینے کی کوشش نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اکثر اوقات کہیں بھی بیٹھے بیٹھے گانوں کے الفاظ لکھ دیتے ہیں، جن میں اچھے اور برے دونوں طرح کے الفاظ شامل ہوسکتے ہیں، مگر یہ سننے والے پر منحصر ہے کہ وہ ان کے گانوں سے کیا سیکھتا ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک بار انہوں نے اپنے گانے میں مردوں کی کمائی سے متعلق جملہ شامل کیا تھا، مگر افسوس کہ ہم ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں لوگ بری چیزیں جلدی سیکھ لیتے ہیں۔

طلحہ انجم نے کہا کہ ان کے زیادہ تر گانے مستقل مزاجی کے بارے میں ہوتے ہیں، چاہے وہ زندگی ہو، رشتے ہوں یا تعلقات، ہر چیز میں استقامت ضروری ہے، وہ چاہتے ہیں کہ اگر کوئی ان کے میوزک سے کچھ سیکھنا چاہے تو وہ یہ سیکھے کہ زندگی میں مستقل مزاجی کیسے اختیار کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گانوں کے انداز میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے کیونکہ یہی ان کا فن اور طرزِ اظہار ہے جو آئندہ بھی برقرار رہے گا۔

ریپ گلوکار کے مطابق لوگوں کو اچھی چیزیں نظر نہیں آتیں، جب کہ بری چیزیں فوراً دکھائی دیتی ہیں اور اکثر کسی شخص کی مثبت پہچان تب بنتی ہے جب وہ دنیا میں نہیں رہتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کے کسی شعر میں شراب کا لفظ استعمال ہوا ہے تو یہ وہی طرز ہے جو کئی مشہور شعرا، جیسے مرزا غالب بھی اپنی شاعری میں استعمال کرچکے ہیں، لیکن یہ اب سامنے والے پر منحصر ہے کہ وہ شاعر کے کونسے شعر کو یاد رکھتا ہے، جیسے انہیں مرزا غالب کا خدا سے متعلق شعر یاد ہے۔

طلحہ انجم نے واضح کیا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ان کے کسی گانے میں شراب نوشی یا تشدد کی تعلیم دی گئی ہے۔

ان کے مطابق انہوں نے کئی ایسے گانے بھی لکھے ہیں جو معاشرتی مسائل پر مبنی ہیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ ان پہلوؤں سے سبق حاصل کریں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025