’تماشا ہاؤس یا عذاب کا گھر‘، علیزے شاہ کی ریئلٹی شو ’تماشا‘ پر شدید تنقید
اداکارہ علیزے شاہ نے ریئلٹی شو ’تماشا‘ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شو میں شریک افراد کے ساتھ ہونے والے سلوک اور لوگوں کو ذلیل کرنے کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا۔
علیزے شاہ نے حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والے ریئلٹی شو ’تماشا‘ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے شو میں شریک افراد کے ساتھ ہونے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔
علیزے شاہ نے لکھا کہ تماشا ہاؤس؟ بلکہ یہ تو عذاب کا گھر ہے، پروڈیوسرز کو واقعی شرم آنی چاہیے، یہ دنیا بھر میں دیکھا جا رہا ہے اور ہم یہاں دوسروں کو جان بوجھ کر پریشان کرنے کے عمل کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھانے پر ٹائم سیٹ کرنا، لوگوں کو قومی ٹی وی پر ذلیل کرنا، یہ سب کیا ہے؟ اور سوال کیا کہ شرکا اس شو کے لیے سائن کیسے کرسکتے ہیں۔
علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں ریئلٹی شو ’تماشا‘ کی سابق شریک حمیرا اصغر کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ سب کو حمیرا اصغر یاد ہوں گی جنہیں شو کے دوران دیگر شرکا نے تنگ کیا تھا اور الگ تھلگ کر دیا تھا، بعد میں وہ اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی نے یہ پوچھنے کی ضرورت محسوس نہیں کی کہ اس شو کے بعد انہوں نے کس قسم کی ذہنی کیفیت کا سامنا کیا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اب بھی یہی سلسلہ جاری ہے، لوگوں کی عزت نفس کو پامال کیا جا رہا ہے، انہیں اذیت دی جا رہی ہے اور ہم اسے تفریح کہہ رہے ہیں۔
ان کے مطابق یہ سب ججز اور پروڈیوسرز کے علم میں ہے اور وہ اس کی منظوری دے رہے ہیں، اس کو تفریح کیسے کہا جا سکتا ہے۔

قبل ازیں ایک انٹرویو میں عادی عدیل نے بھی ’تماشا گھر‘ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ شو اس لیے شروع کیا گیا تاکہ جو لوگ گالیاں دینے کے عادی ہیں، وہ وہاں گالیاں بھی دے سکیں۔
ان کے مطابق تماشا گھر میں لڑائی جھگڑے اور بدتمیزیاں معمول کی باتیں ہیں اور یہی وجوہات ہیں کہ یہ شو مقبول بھی ہے۔













لائیو ٹی وی