آئی پی ایل نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کیلئے بڑی پیشکش کردی
پیسوں کے لالچ میں اندھی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز نے آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ کو انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ کر لیگز کھیلنے کے لیے 10 ملین ڈالر (تقریباً 58 کروڑ بھارتی روپے) سالانہ کی پیشکش کردی جو انہوں نے ٹھکرادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک آئی پی ایل فرنچائز نے آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز اور ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں بھارت کی درگت بنانیوالے ٹریوس ہیڈ کو انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کے لیے بڑی آفر دے دی۔
تاہم، دونوں اسٹار کرکٹرز نے پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے آسٹریلیا سے کھیلنا اپنا جنون قرار دیا ، اسی طرح کی آفر انگلینڈ اسپیڈ اسٹار جوفرا آرچر کو بھی کی گئی تھی، جو انہوں نے مسترد کردی تھی۔
پیٹ کمنز اور ٹرویس ہیڈ دونوں نے آئی پی ایل ٹیم سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے ساتھ معاہدے کررکھے ہیں جن کی مالیت بالترتیب 18 کروڑ روپے اور 14 کروڑ روپے ہے۔
اس کے علاوہ، آسٹریلیا کے صفِ اول کے کھلاڑی اپنی سالانہ سینٹرل کنٹریکٹ سے تقریباً 1.5 ملین آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 8.74 کروڑ روپے) کماتے ہیں۔
تاہم، پیٹ کمنز کی آمدنی کپتانی کا اضافی الاونس شامل کرنے کے بعد تقریباً 3 ملین آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 17.48 کروڑ روپے) بنتی ہے۔
سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق، یہ انکشاف کرکٹ آسٹریلیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بیگ بیش لیگ کی پرائیوٹائزیشن سے متعلق ہونے والے اجلاس کے دوران سامنے آیا۔
اجلاس کے دوران ان پیشکشوں کو ایک مثال کے طور پر استعمال کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ کا اپنے کھلاڑیوں پر کنٹرول کتنا کمزور ہوتا جا رہا ہے اور کرکٹ آسٹریلیا کی مالی معاملات میں کس قدر کمزوری پائی جاتی ہے جب کہ بگ بیش لیگ میں نجی سرمایہ شامل کرنے سے کھلاڑیوں کی تنخواہیں بڑھائی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب، جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہینرک کلاسن جو آئی پی ایل میں پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ کے ساتھ سن رائزرز حیدرآبادکا حصہ ہیں، وہ رواں سال جون میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں تاکہ صرف ٹی20 لیگز کھیل سکیں، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انہیں بھی اسی طرح کی کوئی پیشکش کی گئی تھی یا نہیں۔













لائیو ٹی وی