آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ اگلے ماہ سے پرتھ میں شروع ہونے والے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شاید وہ شرکت نہ کرسکیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کمر کی انجری کا شکار پیٹ کمنز 21 نومبر کو شروع ہونے والے ایشز کے افتتاحی ٹیسٹ کے لیے فٹ ہونے کی پوری کوشش کررہے ہیں تاہم بحالی کے دوران وہ ابھی تک بولنگ شروع نہیں کر پائے ہیں۔
سڈنی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ میں حتمی طور پر کچھ کہہ نہیں سکتا لیکن پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے امکانات بہت کم ہیں جب کہ برسبین میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ تک شاید میں فٹ ہوجاؤں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے باؤلنگ کروانے کا آغاز کروں گا اور شاید دو ہفتے بعد اسپائکس پہن کر گھاس پر بولنگ کروں گا لیکن پچھلے 2 ہفتے بہت اچھے گزرے ہیں اور ری ہیب کا ہر سیشن پہلے سے بہتر لگ رہا ہے۔
پیٹ کمنز کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو کم از کم ایک مہینہ نیٹس میں چاہیے، اگر آپ ٹیسٹ میچ کھیلتے ہیں تو آپ کو یہ یقین ہونا چاہیے کہ آپ ایک دن میں 20 اوورز پھینک سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کافی مشکل ہے کہ آپ بغیر کسی باؤلنگ کے اچانک 5 روزہ ٹیسٹ کھیلنے لگ جائیں لہذا پہلا قدم یہی ہے کہ خود کو فٹ ہونے کا موقع دوں اور پھر آگے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پیٹ کمنز نے ایشیز سیریز میں اپنا پہلا ٹیسٹ 18-2017 میں کھیلا تھا جس کے بعد سے وہ ہر ایشز سیریز کا حصہ رہے ہیں۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ ایشز سیری کا حصہ نہ ہونے پر کبھی کبھی مایوسی ہوتی ہے کیوں کہ یہ ایک بڑا سیزن ہے لیکن کبھی کبھی حقیقت پسند بھی رہتا ہوں، میں نے گزشتہ 7 سے 8 سال ہر ہوم سیزن میں شرکت کی ہے جو ایک فاسٹ باؤلر کے لیے بڑا کارنامہ ہے۔
اگر پیٹ کمنز پرتھ ٹیسٹ کھیلنے کے لیے فٹ نہ ہوئے تو سابق کپتان اسٹیو اسمتھ ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ اسکاٹ بولینڈ ان کی جگہ فاسٹ بولنگ اٹیک میں شامل ہوں گے۔













لائیو ٹی وی